کویت کی پارلیمنٹ میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی نوبت آ گئی

عام معافی سے متعلق بل پر رائے شماری کا اعلان کیا گیا تو اس کے بعد ارکان آپس میں گُتھم گُتھا ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 19 فروری 2020 10:30

کویت کی پارلیمنٹ میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی نوبت آ گئی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19فروری 2020ء) پاکستان میں اکثر پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران غیر اخلاقی اور غیر مہذب حرکات کا مظاہرہ دیکھنے کا عام ملتا ہے۔ کئی بار نوبت مار پیٹ تک بھی آ جاتی ہے۔ ایسا دُنیا کے دیگر ممالک میں بھی ہوتا ہے۔ ابھی تک کویت کی پارلیمنٹ کا تاثر دُنیا بھر کے سامنے ایک مہذب ترین پارلیمنٹ کا تھا، کیونکہ یہاں پر بہت کم تلخی والے واقعات کی نوبت آتی تھی۔

تاہم گزشتہ روز پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران جو کچھ ہوا اس نے کویتی عوام کو دُنیا بھر کے سامنے شرمسار کر دیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کویتی پارلیمنٹ میں ایک بل پر رائے شماری کے دوران ہونے والی تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی۔ کویت کی کی مجلس اُمہ (پارلیمنٹ) میں گذشتہ روز کچھ متنازع مسائل زیر بحث آئے جس پر اراکین پارلیمنٹ میں تناؤ پیدا ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر بعض ارکان میں پہلی زبانی تلخ کلامی ہوئی اور بعد میں ہاتھا پائی تک نوبت آگئی۔منگل کے روز مجلس امہ کے اجلاس کے دوران عام معافی سے متعلق پیش کردہ ایک بل پر رائے شماری کا اعلان کیا گیا تو بعض ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ تاہم بعد ازاں یہ بل 42 ارکان کی اکثریت سے منظور ہوگیا۔چار ارکان محمد المطیر، خلیل ابل، خالد العتیبی اور صلاح خورشید کے درمیان تصادم کے بعد اسپیکر مرزوق الغانم نے پونے گھنٹے کے لیے اجلاس برخواست کردیا۔

ان تمام ارکان نے بعد ازاں رائے شماری کے اعلان کے بعد پارلیمنٹ پر دھاوے، العبدلی سیل، عبدالحمید دشتی اور رائے عامہ کیسز میں عوام معافی کی مخالفت کی۔قبل ازیں پارلیمنٹ نے تبدیلی کے قانون، قرضہ حسنہ اور دیگر تجاویز پر پیش کیے گئے منظور کر لیے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کویتی پارلیمنٹ میں ہونے والی بد مزگی کی ایک فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ارکان کو ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا دیکھا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ کویتی پارلیمنٹ میں اختلاف اور ارکان میں دھینگا مشتی اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں