کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو گیا

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی گنتی 148تک جا پہنچی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 مارچ 2020 16:01

کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو گیا
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 مارچ 2020ء) کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کویتی وزارت صحت کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ مزید 6 افراد میں کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد مملکت میں مریضوں کی گنتی 148 ہو گئی ہے۔ جبکہ تین مزید مریض شفایاب ہو گئے ہیں، جن میں سے دو کویتی خواتین جبکہ ایک ایرانی تارک وطن خاتون ہیں۔

جس کے بعد شفایاب ہونے والے افراد کی گنتی 18 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ قرنطینہ میں منتقل کیے گئے 547 افراد کو گھر بھیج دیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بھی کورونا وائرس کے مزید 12 افراد سامنے آئے تھے۔ وزارت صحت کے مطابق کورونا کے تازہ ترین مریضوں میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ تارکین وطن بھی شامل ہیں۔ 12 مارچ 2020ء کو کویتی مملکت میں پندرہ روز کے لیے عام تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 13 مارچ سے تاحکم ثانی تجارتی فضائی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا،جس کے تحت صرف کویتی شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو کویت میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ وائرس کی روک تھام کیلئے شہریوں کے ریسٹورنٹس، قہوہ خانوں اور شاپنگ مالز کے فوڈ کورٹس پرداخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔کویت نے ریستورانوں، کیفے اور خریداری مرکز سمیت عوامی جگہوں پر لوگوں کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

کویتی وزیر داخلہ انس الصالح نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ”جمعہ کی نصف شب سے تمام پروازیں معطل کردی جائیں گی،پروازوں کو چلانے اور انخلا کے منصوبے کی تفصیل بعد میں جاری کی جائے گی۔“انہوں نے واضح کیا کہ ”نئے کرونا وائرس کی روک تھام کے ضمن میں کیے گئے تمام فیصلے عارضی ہیں اور حالات وواقعات کی مطابقت سے ان میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کی جائے گی۔کویتی وزیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بعض لوگ طبّی تنہائی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی پاسداری نہیں کررہے ہیں،ایسے لوگ قانونی طور پر قابلِ مواخذہ ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں