کورونا وائرس کا خوف، کویت میں بھی جزوی کرفیو لگا دیا گیا

کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے کو تین سال قید اور 10 ہزار دینار کا جرمانہ ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 مارچ 2020 12:57

کورونا وائرس کا خوف، کویت میں بھی جزوی کرفیو لگا دیا گیا
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مارچ 2020ء) خلیجی ممالک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے اندر دو خلیجی ممالک سعودی عرب اور کویت نے جزوی کرفیو لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔ جس پر آج شام سے عمل درآمد ہو گا۔ کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ انس الصالح نے اعلان کیا ہے کہ کابینہ نے اپنے غیر معمولی اجلاس کے دوران شام پانچ بجے سے ہر روز صبح چار بجے تک ملک کے تمام حصوں میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ کرفیو فی الحال غیر معینہ مدت کے لیے لگایا جا رہا ہے۔

اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ جو افراد کرفیو کی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھروں سے باہر آئیں گے۔ انہیں تین سال کی قید سزا بھُگتنا ہو گی یا 10 ہزار کویتی دینار بطور جرمانہ ادا کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

بعض صورتوں میں یہ دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جا سکتی ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویتی نایب زیراعظم انس الصالح نے وزیر برائے امور خارجہ الشیخ احمد ناصر ال محمد الصباح اور وزیر صنعت وتجارت خالد الروضان کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ فیصلہ کورونا انفیکشن کے پھیلاوٴ سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات کی عدم تعمیل کی اطلاعات کے بعد ہوا۔کابینہ کے اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ مملکت بھر میں تمام سرکاری اور نجی شعبوں کے ملازمین کی چھُٹیوں کی مُدت میں مزید دو ہفتوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سے قبل ہفتے کے روز کویت کے وزیر صحت باسل الصباح نے کرونا مریضوں کے 5 نئے کیسز کی صحت کا اعلان کیا تھا جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔ ادھر گذشتہ روز کویت میں کرونا وائرس کے 17 نئے کیسز سامنے ا?ئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 176 ہوگئی ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں