کورونا وائرس سے پریشا ن کویتی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین کو اہم پیشکش کر دی گئی

وطن واپس جانے کے خواہش مند تارکین کو فضائی ٹکٹس حکومت دے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 31 مارچ 2020 17:50

کورونا وائرس سے پریشا ن کویتی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین کو اہم پیشکش کر دی گئی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ 2020 ) کویت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کے باعث کویت بھر میں جزوی کرفیو بھی نافذ کیا گیا ہے اور کاروباری مراکز بھی بند کروا دیئے گئے ہیں۔ کویتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں موجود غیر قانوی تارکین اپنے وطن لوٹ جائیں۔ وطن واپس جانے والوں سے کوئی باز پُرس ہو گی اور نہ انہیں قید کی سزا اور جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔

بلکہ وطن واپسی کے لیے انہیں جہاز کی ٹکٹس بھی حکومت فراہم کرے گی۔ کویتی اخبار القبس کے مطابق وزیر داخلہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو لوگ اس رعایت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے واپس جائیں گے، انہیں کسی تفتیش سے نہیں گزرنا پڑے گا اور نہ مملکت میں غیر قانونی قیام پر سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

بلکہ حکومت کی جانب سے وطن واپس جانے والوں کو ٹکٹس بھی دی جائیں گی۔

ان پر عائد تمام جرمانے معاف ہو جائیں گے، جن میں ٹریفک جرمانے بھی شامل ہیں۔البتہ جن تارکین کے اقاموں کی مُدت ختم ہو گئی ہے، اور وہ کسی وجہ سے جرمانے جمع نہ کروانے کے باعث اس مملکت میں غیر قانونی تصور کیے جا رہے ہیں۔ اگر وہ مملکت میں قانونی طریقے سے قیام کے خواہش مند ہیں تو وہ اپنے تمام جرمانے ادا کردیں جس کے بعد ان کا اقامہ بحال کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کویت میں جزوی کرفیو نافذ ہونے کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔ چند روز قبل کرفیو کے دوران باہر آنے والے غیر ملکیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا گیا ۔ ان افراد کی گرفتاری ٹویٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کی گئی۔ کویتی اخبار القبس نے بتایا ہے کہ فروانیہ کے علاقے میں چند غیر ملکی کرفیو کے اوقات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی رہائش گاہوں سے باہر آ کر سڑک پر اکٹھے ہوئے اور خوب شور شرابا کرتے رہے۔

تاہم ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آئی اور ان کی نشاندہی کرنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ کویتی وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر 10 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جنہیں متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ان گرفتار شدگان کو جلد ملک سے بے دخل کر دیا جائے گا اور انہیں بلیک لسٹ کر کے ان کے مملکت میں دوبارہ داخلے پر تاحیات پابندی عائد کر دی جائے گے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں