کویت میں کورونا مریضوں کی گنتی 4,377تک پہنچ گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 353افراد میں کورونا کی تصدیق ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 مئی 2020 17:41

کویت میں کورونا مریضوں کی گنتی 4,377تک پہنچ گئی
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -4 مئی2020ء) خلیجی ریاست کویت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 353 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،ان نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی گنتی 4,377 ہو گئی ہے۔مملکت میں 1947کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز171 افراد شفا پانے کے بعد گھروں کو واپس بھیج دیئے گئے۔ اس وقت کورونا کے ایکٹو کیسز کی گنتی 2,745 ہے جن میں سے 70 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں زیر علاج ہیں جن میں سے 36 کی حالت تشویش ناک ہے۔

مملکت میں کورونا کے باعث مزید چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جن میں سے ایک کویتی باشندہ (عمر 72 سال)، ایک بنگلہ دیشی (عمر50سال)، ایک بھارتی (عمر 45 سال) اور ایک مصری باشندہ (عمر 61 سال ہے۔ ان تازہ اموات کے بعد مملکت میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی گنتی 30ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر باسل الصباح کے مطابق گز شتہ چند دِنوں میں کویت میں کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس کی وجہ کورونا کے ٹیسٹوں کے عمل میں تیزی لانا ہے۔ اب تک مُلک بھر میں ایک لاکھ 90ہزار سے زائد افرادکے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ کویت میں 24 فروری کو کورونا کے ابتدائی کیسز سامنے آئے تھے۔ یہ تین مریض تھے جو ایران سے سفر کر کے واپس آئے تھے، جن کے ملک واپسی پر لیے گئے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ اس کے بعد کے درجنوں مریض بھی وہی تھے جو ایران سے ہی کویت لوٹے تھے۔

گذشتہ سوموار کو حکومت نے کرفیو کے دورانیے میں مزید پانچ گھنٹے کا اضافہ کردیا ہے اور جمعہ یکم رمضان سے 16 گھنٹے کے اس کرفیو پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس کے تحت ریستوران، کیفے ،تمام بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازار بند ہیں۔اس کے علاوہ ریاست میں تمام تفریحی مقامات، کلب اور سیلون بند ہیں اور ان میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں