کویت میں ایک ہی دِن میں 991 کورونا کیسز رپورٹ، 10 افراد ہلاک

مملکت میں کورونا متاثرین کی گنتی 10,277 ہو گئی، 3,101 مریض صحت یاب ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 13 مئی 2020 14:20

کویت میں ایک ہی دِن میں 991 کورونا کیسز رپورٹ، 10 افراد ہلاک
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13مئی 2020ء) خلیجی مملکت کویت میں کورونا کا وائرس بے قابو ہو گیاہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران ہزاروں نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 991 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مملکت میں کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی 10.277 تک جا پہنچی ہے۔ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے بتایا ہے کہ نئے مریضوں میں زیادہ تر گنتی تارکین وطن کی ہے، البتہ مقامی افراد بھی سینکڑوں کی گنتی میں کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔

مملکت میں گزشتہ روز 10کورونا مریض ہلاک ہو گئے، جس کے بعد کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد 75 تک جا پہنچی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 194 مریضوں نے کورونا کو شکست دے دی، اس طرح کورونا سے شفا پانے والوں کی مجموعی گنتی 3,010 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

کویت میں گزشتہ اتوار کے روز سے 24گھنٹے کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جو 30 مئی تک نافذ رہے گا، جس کا مطلب یہ ہے کہ کویت میں مقیم تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی خوشیاں گھروں تک ہی محدود رہ کر منانی ہوں گی۔

کویتی وزارت صحت کے مطابق گز شتہ چند دِنوں میں کویت میں کورونا مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس کی وجہ کورونا کے ٹیسٹوں کے عمل میں تیزی لانا ہے۔ اب تک مُلک بھر میں 2 لاکھ سے زائد افرادکے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ کویت میں 24 فروری کو کورونا کے ابتدائی کیسز سامنے آئے تھے۔ یہ تین مریض تھے جو ایران سے سفر کر کے واپس آئے تھے، جن کے ملک واپسی پر لیے گئے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

اس کے بعد کے درجنوں مریض بھی وہی تھے جو ایران سے ہی کویت لوٹے تھے۔ گذشتہ سوموار کو حکومت نے کرفیو کے دورانیے میں مزید پانچ گھنٹے کا اضافہ کردیا ہے اور جمعہ یکم رمضان سے 16 گھنٹے کے اس کرفیو پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس کے تحت ریستوران، کیفے ،تمام بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ سینٹرز اور بازار بند ہیں۔اس کے علاوہ ریاست میں تمام تفریحی مقامات، کلب اور سیلون بند ہیں اور ان میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں