کویت پر تنقید کرنے والے تارکین وطن پر کویتی اداکارہ برس پڑی

مریم الصالح نے کہا تارکین کا کویت سے نفرت کا اظہار بلاجواز ہے، کورونا کی وبا میں سارے ہسپتالوں پر تارکین کا قبضہ ہو گیا، کویتی مریض کہاں جائیں؟

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 16 مئی 2020 13:44

کویت پر تنقید کرنے والے تارکین وطن پر کویتی اداکارہ برس پڑی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16مئی 2020ء) کویت میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کا ذمہ دار غیر مُلکی کارکنان کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔ جس کے بعد کویتی شوبز کی کئی خواتین شخصیات نے تارکین وطن کے بارے میں سخت بیانات دیئے ہیں۔اُردو نیوز کے مطابق گزشتہ ماہ ایک کویتی اداکارہ حیا الفہدنے کہا تھا کہ کویتی تارکین وطن کو گھروں سے نکال کر صحراؤں میں رکھا جائے اور تمام غیر قانونی تارکین کو فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے۔

اب ایک اور معروف اداکارہ مریم الصالح نے بیان دیا ہے کہ اقاموں کے تاجر ہزاروں ایسے افراد کو ملک میں لے آئے ہیں جن کی کویت کو ضرورت نہیں. اب کویت غیر قانونی تارکین کی موجودگی کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔میری دُعا ہے کہ اللہ ہمیں کورونا بحران اور اقاموں کے تاجروں سے نجات دلائے۔

(جاری ہے)

کویتی فنکارہ نے بعض غیر قانونی تارکین کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور تلخ زبان استعمال کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ بعض تارکین وطن تمام تراعزاز و اکرام اور حسن سلوک کے باوجود کویت اور اس کے باشندوں کے خلاف تلخ بیانی سے پرہیز نہیں کرتے جو کہ افسوسناک بات ہے۔

بحران کے تمام تر مسائل کے باوجود ہم تارکین وطن کو بے دخل کرنا نہیں چاہتے. ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی یہ وبا دور کر دے اور ایک بار پھر ہم غیرملکی بھائیوں کی خدمات حاصل کرنے کے لیے انہیں دوبارہ کویت میں بلائیں مگر مٹھی بھر تارکین کا سکولوں میں ہنگامہ کرنا ان کی طرف سے ہمارے خلاف نفرت کا اظہار ہے. انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔کویتی فنکارہ نے تارکین وطن سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری مشکل کو سمجھنے کی کوشش کریں، کویت چھوٹا سا ملک ہے اور مقامی لوگوں کی آبادی بھی معمولی ہے.غیرملکی 35 لاکھ کے لگ بھگ ہیں. مالی سہولت کے باوجود ہمارا ملک بڑی تعداد میں تارکین وطن کوجملہ معیاری سہولتیں فراہم نہیں کر سکتا۔

ہسپتال ہوں یا سڑکیں ہر جگہ تارکین وطن نظر آرہے ہیں. مقامی شہریوں کو بھی چلنے کے لیے سڑکیں اور علاج کے لیے ہسپتال درکار ہیں۔
کویت ہمارا ملک ہے. ہمیں بھی اس کی آب و ہوا میں زندگی گزارنے کا حق تسلیم کرنا چاہیے۔کویت کی معروف اداکارہ مریم الصالح نے کہا ہے کہ ’تارکین وطن کویت سے نالاں نہ ہوں۔واضح رہے کہ اسے قبل حیا الفہد نامی اداکارہ نے بھی کہا تھا کہ ہم تنگ آچکے ہیں۔ اگر ہم بیمار ہو گئے تو ہمارے لیے ہسپتال نہیں ہوں گے۔حیا الفہد نے کویت میں رہائش پذیر دوسرے ممالک کے شہریوں کے بارے میں سوال کیا کہ اگر ان کا اپنا ملک انہیں نہیں رکھنا چاہتا، تو کیا ہمیں ان سے نمٹنا چاہیے؟ انہوں نے تارکین کو کویت سے باہر نکال کر صحرا میں رکھنے کی تجویز بھی دی تھی۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں