کویتی حکومت نے 2 روز کے اندر ہزاروں بھارتی شہریوں کو واپس بھجوا دیا

کویت میں کوروناکے غیر ملکی مریضوں میں بھارتی اور بنگلہ دیشی سرفہرست ہیں، کویتی عوام کی جانب سے بھی ڈی پورٹ کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 15 جون 2020 12:33

کویتی حکومت نے 2 روز کے اندر ہزاروں بھارتی شہریوں کو واپس بھجوا دیا
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15جون 2020ء) کویتی حکومت کی جانب سے گزشتہ دو روز کے دوران11,921 غیر ملکیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے ان کے آبائی ملک بھجوا دیا گیا ہے جن میں بھارتی، بنگلہ دیشی اور مصری سرفہرست ہیں۔ مملکت میں کورونا کے زیادہ تر غیر ملکی مریض انہی تین ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ جمعہ کے روز 36 جبکہ ہفتے کے روز 34 خصوصی پروازوں کے ذریعے 12ہزار کے لگ بھگ غیر ملکیوں کو بھجوا دیا گیا ہے۔

غیر ملکیوں کی بڑی گنتی کو واپس بھجوانے کا مقصد مملکت میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق دو روز کے دوران بھارت کے لیے 35 پروازیں روانہ ہوئیں، اس کے علاہ مصر، تُرکی،بنگلہ دیش، قطر اور ایران کے لیے بھی پروازیں روانہ کی گئیں۔ واضح رہے کہ اپریل 2020ء میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا تھا ۔

(جاری ہے)

کویتی باشندوں کی جانب سے مملکت میں کورونا کے پھیلاوٴ کا ذمہ دار تارکین وطن خصوصاً بھارتیوں اور بنگلہ دیشیوں کو ٹھہرایا گیا تھا۔

کئی معروف کویتی شخصیات نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ غیر مْلکیوں کو کورونا پھیلانے کی سنگین غفلت کے باعث مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے۔جس کے بعدکویتی مملکت نے غیر ملکی تارکین کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاوٴن شروع کر دیا تھا۔ 16 اپریل سے 20 اپریل کے دوران بھارت سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔ غیر قانونی تارکین کی ان کے وطن کو واپسی کویتی حکومت کی جانب سے ایک رعایتی اسکیم کے تحت ہو رہی ہے۔

کویتی حکومت نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ مملکت میں موجود غیر قانونی تارکین اپنے وطن لوٹ جائیں۔ وطن واپس جانے والوں سے کوئی باز پْرس ہو گی اور نہ انہیں قید کی سزا اور جرمانہ بھْگتنا ہو گا۔ بلکہ وطن واپسی کے لیے انہیں جہاز کی ٹکٹس بھی حکومت فراہم کرے گی۔ان تارکین پر عائد تمام جرمانے معاف ہو جائیں گے، جن میں ٹریفک جرمانے بھی شامل ہیں۔

تارکین وطن ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد دوبارہ کویت بھی آسکتے ہیں۔ البتہ جن تارکین کے اقاموں کی مْدت ختم ہو گئی ہے، اور وہ کسی وجہ سے جرمانے جمع نہ کروانے کے باعث اس مملکت میں غیر قانونی تصور کیے جا رہے ہیں۔اگر وہ مملکت میں قانونی طریقے سے قیام کے خواہش مند ہیں تو وہ اپنے تمام جرمانے ادا کردیں جس کے بعد ان کا اقامہ بحال کر دیا جائے گا۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں