کویت میں مقیم ضرورت مند پاکستانی راشن حاصل کرنے کے لیے سفارت خانے سے رابطہ کریں

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے راشن کی تقسیم کا چھٹا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 8 جولائی 2020 05:52

کویت میں مقیم ضرورت مند پاکستانی راشن حاصل کرنے کے لیے سفارت خانے سے رابطہ کریں
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جولائی 2020ء) کورونا وبا کے پھیلاؤ کے بعد کویت میں مقیم ہزاروں پاکستانی شدید مالی تنگی کا شکار ہیں۔ تاہم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پریشان حال پاکستانیوں کو راشن کی فراہمی کا سلسلہ بھی زورو شور سے جاری ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے اعلان کیا گیا ہے کہ کویت میں مقیم جو پاکستانی راشن حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اپنا نام، پاسپورٹ نمبر یا سول آئی ڈی نمبر اور رابطہ نمبر سفارت خانے کے واٹس ایپ نمبرز 66483182 اور 99619574 پر بھیجیں۔

البتہ ان نمبرز پر کال کرنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ عملہ ان نمبرز پر صرف بھیجے گئے واٹس ایپ پیغامات دیکھتا ہے، کال ریسیو نہیں کرتا۔ سفارت خانے کی جانب سے جاری پیغام میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہزاروں پاکستانی تارکین کو پانچ مرحلوں میں راشن تقسیم کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

اگلے چند روز میں راشن بانٹنے کا چھٹا مرحلہ بھی شروع ہونے والا ہے۔

جو پریشان حال پاکستانی تارکین راشن حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ اپنا نام اور دیگر تفصیلات مندرجہ بالا واٹس ایپ نمبروں پر بھیج دیں۔

تاکہ انہیں راشن کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ کویتی حکومت نے آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی تارکین کو مملکت سے نکالنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔ کوروناکی حالیہ وبا کے دوران مملکت میں اس وباکے پھیلاؤ کا ذمہ دار خاص طور پر بھارتی اور بنگلہ دیشی شہریوں کو ٹھہرایا گیا اور انہیں فوری ڈی پورٹ کرنے کے لیے کویتی باشندوں نے سوشل میڈیا پر تحریک بھی چلائی۔

کویت کی قومی اسمبلی نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو مملکت سے لاکھوں تارکین وطن کی ملازمتیں ختم کر کے انہیں واپس بھیجنے کے لیے ایک بل تیار کر رہی ہے۔ اس بل میں یہ سفارش کی گئی ہے کہ مملکت میں بھارتی باشندوں کی گنتی 15 فیصد سے زیادہ نہیں ہو گی۔جونہی یہ بل منظور ہو گیا تو مملکت سے 8 لاکھ بھارتی ملازمین کو نکال دیا جائے گا۔ کیونکہ اس وقت کویت میں تارکین وطن میں سرفہرست بھارتی باشندے ہیں جن کی گنتی ساڑھے چودہ لاکھ سے زائد ہے۔ پندرہ فیصد تک کوٹا محدود کرنے کی صورت میں کویت میں صرف ساڑھے چھ لاکھ بھارتیوں کو رہنے کی اجازت ہو گی، باقی 8 لاکھ بھارتیوں کو باہر نکال دیا جائے گا۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں