کویتی نوجوانوں کی ایرانی خاتون سے چھیڑ چھاڑ ، منع کرنے پر خاوند کو زخمی کر ڈالا

عدالت نے تینوں نوجوانوں کو 3,3 سال قید کی سزا سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 ستمبر 2020 17:43

کویتی نوجوانوں کی ایرانی خاتون سے چھیڑ چھاڑ ، منع کرنے پر خاوند کو زخمی کر ڈالا
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 ستمبر2020ء) کویت میں ایک افسوس ناک واقعے میں تین مقامی نوجوانوں نے اس بناء پر ایرانی باشندے کی پٹائی کر دی کیونکہ اس نے انہیں اپنی بیوی کو چھیڑنے سے منع کیا تھا ۔ اوباش کویتی نوجوانوں کی مار پیٹ سے ایرانی باشندہ شدید زخمی ہو گیا۔ موقع پر موجود اس کی بیوی کی منت سماجت کے باوجود ان ظالموں نے لاتیں گھونسے مار مار کر اسے ادھ موا کر دیا۔

اس واردات کے بعد ملزمان جائے واردات سے فرار ہو گئے۔ تاہم پولیس نے کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے انہیں گرفتار کر کے ان کے خلاف خاتون کو چھیڑنے اور اس کے خاوند پر تشدد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ سوشل میڈیا پریہ واقعہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے بھی اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تینوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

جنہیں عدالت نے ان کے سنگین جُرم پر 3,3 سال قید کی سزا سُنا دی ہے۔

ایرانی باشندے نے پولیس کوبتایا کہ ایک کویتی نوجوان اپنے ساتھیوں کے ساتھ اکثر اس کی بیوی کو سڑک پر دیکھ کر چھیڑ چھاڑ کرتا تھا اور اس سے نازیبا گفتگو بھی کرتا تھا۔ بیوی نے اپنے خاوند کو ساری بات بتا دی۔ وقوعہ کے روز وہ اپنی بیوی کے ساتھ کہیں جا رہا تھا۔ جب یہ اوباش نوجوان نظر آیا تو بیوی نے خاوند کو اس کے بارے میں بتایا۔ ایرانی تارکِ وطن نے نوجوان کے قریب جا کر اسے بے ہودہ حرکات سے باز رہنے کو کہا تو یہ نوجوان بپھر کر وہاں سے چلا گیا ۔

مگر تھوڑی دیر بعد اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ آیا اور ایرانی باشندے کو اس کی بیوی کے سامنے مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔ تینوں نوجوان اس دوران بھی اس کی بیوی پر نازیبا فقرے کستے رہے۔ ملزمان اسے شدید زخمی کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی مدد سے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جس کے بعد عدالت نے انہیں قصور وار ٹھہراتے ہوئے تین ، تین سال قید کی سزا دے دی۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں