مشکلات میں گھرے بھارت کو کویت نے بھی مزید مشکل میں ڈال دیا

یو اے ای کے بعد کویت نے بھی بھارتی مسافروں کے داخلے پر غیر معینہ مُدت کی پابندی لگا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 اپریل 2021 15:57

مشکلات میں گھرے بھارت کو کویت نے بھی مزید مشکل میں ڈال دیا
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 اپریل 2021ء) دُنیا بھر میں اس وقت بھارت کا خطہ اس وقت فلیش پوائنٹ بنا ہوا ہے ،جس کی وجہ یہاں پر کورونا کی خطرناک صورت حال ہے۔ بھارت میں پچھلے چند روز سے کورونا کے یومیہ کیسز تین لاکھ سے بھی زائد ہو چکے ہیں۔ اس صورت حال نے بھارتی حکام میں کھلبلی مچا دی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔

آج کے روز بھی بھارت میں بائیس سو افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں کیسز سامنے آنے کے بعد کئی ممالک نے بھارتی مسافروں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔یو اے ای کی جانب سے دس روزہ پابندی کے اعلان کے بعد اب کویت نے بھی فوری طور پر بھارتی مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق کویت نے بھارت سے پروازوں کی آمد پر پابندی لگا دی ہے۔

(جاری ہے)

فلائٹ آپریشنز پر یہ پابندی غیر معینہ مُدت کے لیے لگائی گئی ہے۔ اس اچانک پابندی کے فیصلے سے ہزاروں بھارتی شہریوں کی کویت واپسی کا سلسلہ رُک گیا ہے جو پہلے ہی بھارت میں کیسز بڑھنے پر خوف و ہراس کا شکار تھے۔ یہ کویتی ویزہ ہولڈرز بھارتی شہری فوری طور پر کویت جا کر اپنی جان محفوظ بنانا چاہتے تھے، تاہم اب ان کے لیے بھی مشکل بن گئی ہے۔

کویت کی جانب سے بھارتی پروازوں پر پابندی کا اطلاق آج 24 اپریل سے ہوگا۔
کویتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کی جانب سے ایک ٹویٹر بیان میں آگاہ کیا گیا ہے کہ بھارت سے کویت آنے والی تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ بھارت میں کورونا وبا کی صورت حال بگڑنے پر کیا گیا ہے۔ ٹویٹ میں بتایا گیا ہے ” ”بھارت سے آنے والے مسافروں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

تاہم وہ مسافر کویت آ سکیں گے جو بھارت سے کویت آنے سے پہلے کسی اور ملک میں 14 روز گزار کر آئیں گے۔ اس چودہ روز کی مُدت کے بعد ہی انہیں مملکت میں داخلے کی اجازت ہو گی۔البتہ بھارت میں پھنسے ہوئے کویتی شہری، ان کے قریبی رشتہ دار اور گھریلو ملازمین کویت واپس آ سکیں گے۔ بھارت کے لیے اس پابندی کا اطلاق کارگو پروازوں پر نہیں ہوگا۔“

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں