کویت نے عید الفطر پر کرفیو اُٹھانے کی خوشخبری سُنا دی

کویتی کابینہ کے مطابق عید کے پہلے روز سینما گھر، تھیٹرز، ریستوران اور قہوہ خانے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 مئی 2021 13:45

کویت نے عید الفطر پر کرفیو اُٹھانے کی خوشخبری سُنا دی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 مئی2021ء) کویتی حکومت نے عید الفطر سے قبل ہی مملکت میں مقیم تارکین وطن اور مقامی شہریوں کو بڑی خوشی کی خبر سُنا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق کویتی حکومت نے عیدالفطر پر ملک بھر میں نافذ جزوی کرفیو اُٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے کویتی کابینہ کے ایک اجلاس میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ عید الفطر کے پہلے روز سے مملکت بھر سے کرفیو اُٹھا لیا جائے گا۔

جس کا اطلاق عید الفطر کی رات شروع ہوتے ہی ایک بجے سے ہوگا۔ کویتی حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے بتایا ہے کہ کابینہ کے فیصلے مطابق کویت میں عید کے موقع پر جزوی کرفیو اُٹھا لیا جائے گا۔ جس کے بعد سینما گھر اور تھیٹرز کھل جائیں گے ۔ ریستوران اور قہوہ خانے بھی کھُلے رہیں گے تاہم ان میں ٹیبل سروس کی اجازت نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

البتہ رات آٹھ بجے کے بعد تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے اور صبح 5 بجے سے پہلے کھولنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

تاہم فارمیسیز، غذائی اشیا فروخت کرنے والے مراکز، میڈیکل آلات فراہم کرنے والے مراکز، ریستوران، قہوہ خانے اور مینٹیننس سروسز پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ انہیں 24 کھُلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ واضح رہے کہ کویتی حکومت نے عید الفطر کے لیے 4 دن کی عام تعطیلات دیے جانے کا اعلان کیا ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق کویت میں عید الفطر کے لیے چار دن کی چھٹیاں دی گئی ہیں، جب کہ تنخواہوں کی ادائیگی وقت پر پوری ہوگی۔

عید کی چھٹیوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں حکومتی ذرائع نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اگر عید کا پہلا دن جمعرات کو اس مہینے کی 13 تاریخ کو پڑتا ہے تو چھٹی جمعہ کی بجائے جمعرات، جمعہ ، ہفتہ اور اتوار سمیت 4 دن ہوگی جو 13 ، 14 ، 15 اور 16 مئی سے مطابقت رکھتے ہیں، جب کہ 17 مئی کو باضابطہ طور پر ڈیوٹی پر واپس آنا ہوگا۔ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق بتایا گیا کہ سرکاری اداروں کو واجب الادا قسطوں کے لیے صارفین کے کسی بھی پریمیم کی کٹوتی کے بغیر بینکوں سے ملازمین کو مئی کی تنخواہیں بر وقت اور مکمل تقسیم کی جائیں گی، جب کہ ریٹائرڈ افراد کی تنخواہ عید سے قبل ان کے کھاتوں میں جمع کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں