کویت ایئر پورٹ جون کے آخرمیں کھول دیا جائے گا

ویکسین لگوانے والے غیر ملکی کویت آ سکیں گے، سکول کھولنے کا بھی فیصلہ ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 جون 2021 18:04

کویت ایئر پورٹ جون کے آخرمیں کھول دیا جائے گا
 کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جون 2021ء) خلیجی ریاست کویت بھی کوروناکی وباسے متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ سال کئی ماہ کا لاک ڈاؤن بھی رہا ہے اور اس کے بعد جزوی کرفیو بھی نافذ کیا گیا تھا۔ تاہم اب آہستہ آہست مملکت میں حالات معمول کی جانب آنا شروع ہو گئے ہیں۔ مملکت میں ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اب تک لاکھوں افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔

کویتی حکام کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک امکان ہے کہ کویت ایئرپورٹ غیر ملکی مسافروں کے لیے کھول دیا جائے گا اور دیگر تجارتی، کاروباری اور ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں بھی اسی ماہ کے آخر تک بحال ہو جائیں گی۔ کویتی میڈیا کے مطابق جون ، جولائی اور اگست کے مہینے مملکت کے لیے کورونا وبا کے حوالے سے اہم ترین اور فیصلہ کُن ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

کیونکہ اگست کے آخر تک کویت کی تقریباً پندرہ لاکھ آبادی کو ویکسین لگا دی جائے گی۔

جس کا مطلب ہے کہ مملکت کی تقریباً چالیس فیصد سے زائد آبادی ویکسین لگوا کر محفوظ ہو چکی ہو گی۔ جس کی وجہ سے مملکت میں حالات معمول پر آنے میں بڑی مدد ملے گی۔ کویتی حکام کا کہنا ہے کہ پوری اُمید ہے اسی مہینے کے اختتام تک غیر ملکی پروازوں کو بھی کویت آنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ فلائٹ آپریشنز کی بحالی کا فیصلہ کورونا کیسز کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔

کویت میں ان افراد کو آنے کی اجازت ہو گی، جنہوں نے کویت کی منظور شدہ ویکسینز میں سے کوئی ایک ویکسین لگوا رکھی ہو گی۔ تاہم جن افراد نے دیگر ممالک میں قیا کے دوران کوئی ایسی ویکسین لگوائی ہوگی جو کویتی مملکت میں رجسٹرڈ نہیں تو پھر انہیں کویت پہنچنے پرکسی منظور شدہ ویکسین کی خوراک دی جائے گی۔ کویتی حکومت نے ارادہ بنا رکھا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ نرسری کلاسز شروع کروا دی جائیں۔ اس مہینے تک طلبہ و اساتذہ کی ساٹھ فیصد گنتی ویکسین لگوا چکی ہو گی۔ اس لیے سکول کھولنے کی صورت میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کا خدشہ کم رہے گا۔ تاہم اگر تناسب کم ہوا تو سکول بتدریج بحال کیے جائیں گے۔ 

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں