کویت میں 14 ہزار 600 تارکین وطن کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردئیے گئے

ڈرائیونگ لائسنس پیشے کی تبدیلی کے باعث سے منسوخ کیے گئے، لائسنس ہولڈر کو ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر ملک بدر کردیا جائے گا۔ کویتی میڈیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 جولائی 2021 20:46

کویت (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی2021ء) کویت میں 14 ہزار 600 تارکین وطن کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردئیے گئے، ڈرائیونگ لائسنس پیشے کی تبدیلی کے باعث  سے منسوخ کیے گئے، لائسنس ہولڈر کو ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر ملک بدر کردیا جائے گا۔ کویتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے 14 ہزار 600 تارکین وطن کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردئیے ہیں۔

ایسے افراد کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے گئے جنہوں نے پیشہ تبدیل کیا اور وہ قانونی طور پر ڈرائیونگ لائسنس رکھنے کے حقدار نہیں رہے۔ وزارت داخلہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری میجر جنرل جمال السائغ نے ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ لائسنس ہولڈر کیلئے نرمی نہ برتیں بلکہ لائسنس دینے اور واپس لینے کے قواعد پرعمل کریں۔

(جاری ہے)

اگر لائسنس یافتہ شخص کسی ایک شرط کو بھی پورا نہیں کرتا تو فوری لائسنس منسوخ کیا جائے۔

کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے غیرملکی طلباء کو بھی انسانی بنیادوں پر لائسنس دیا جاتا ہے لیکن وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنا لائسنس واپس نہیں کرتے۔ محکمہ ٹریفک کی جانب سے ایسے ڈرائیونگ لائسنس کو بلاک کیا جائے، جبکہ اگر کوئی ملکی قوانین کی خلاف ورزی کرے تو اس کو ملک بدر کردیا جائےگا۔ واضح رہے کہ کویت میں ایک کروڑ 5 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر ہیں جن میں 6 لاکھ 70 ہزار کویتی شہری، 8 لاکھ 50 ہزار غیرملکی، 30 ہزار بدون اور 25 ہزار خلیجی شہری ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں سخت ٹریفک قوانین نافذ ہیں، تاکہ لوگوں کو خلاف ورزی سے روک کر انسانی زندگیوں کے ضیاع سے روکا جا سکے۔ معمولی سی خلاف ورزی پر سینکڑوں درہم کے جرمانے بھی عائد ہوجاتے ہیں۔ اس کے باوجود بہت سے منچلے ٹریفک خلاف ورزیوں سے باز نہیں آتے اور کئی شوخی بھرے نوجوان سڑکوں پر گاڑیوں کے کرتب بھی دکھاتے ہیں جن سے دوسروں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔

تاہم امارات میں ایسے ہی دو منچلے نوجوانوں کو سرکاری عوامی اور رہائشی مقامات پر شوخیاں مارنے اور گاڑی کے کرتب کرنے کی انوکھی سزا مل گئی ہے۔ یہ نوجوان اماراتی باشندے ہیں جو کلبہ شہر میں ٹریفک خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے جس کی بناء پر اب انہیں حکم دیا گیا ہے کہ وہ شہر کے مختلف مقامات پر جھاڑو لگایا کریں گے۔ کلبہ کی عدالت کی جانب سے پہلے ملزم نوجوان کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ڈیڑھ ماہ تک کمیونٹی سروسز انجام دے گا جس میں عوامی مقامات، سڑکوں، پارکوں، ساحلی مقامات اور دیگر تفریحی مقامات پر جھاڑو لگانا اور صفائی ستھرائی بھی شامل ہے۔

جبکہ دوسرے ملزم کو اسی نوعیت کی کمیونٹی سروسز دو ماہ کے لیے انجام دینا ہوں گی۔ جس کے بعد سے یہ دونوں نوجوان مختلف مقامات پر ہاتھوں میں جھاڑو پکڑے صفائی ستھرائی کی خدمات انجام دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ کلبہ پبلک پراسیکیوشن کے ڈائریکٹرڈاکٹر سعید بلہاج نے بتایا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے ذہنی رویئے میں بدلاؤ لانے کی خاطر اب انہیں اس نوعیت کی سزائیں دی جا رہی ہیں۔ تاکہ ان کے لیے ایک عبرت ہو اور وہ خطرناک کرتب اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کے ارتکاب سے باز رہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں