کویت نے خلیجی ممالک کے مسافروں پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دیں

سعودیہ، امارات، بحرین، قطر اور عمان کے شہری منظور شدہ ویکسین لگوانے کے بعد کویت آ سکیں گے، پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ لازمی ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 اگست 2021 07:30

کویت نے خلیجی ممالک کے مسافروں پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دیں
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 اگست 2021ء ) خلیجی ریاست کویت بھی کوروناکی وباسے متاثر ہوئی تھی جس کی وجہ سے گزشتہ سال کئی ماہ کا لاک ڈاوٴن بھی رہا ہے اور اس کے بعد جزوی کرفیو بھی نافذ کیا گیا تھا۔ تاہم اب آہستہ آہستہ مملکت میں حالات معمول کی جانب آنا شروع ہو گئے ہیں۔ مملکت میں ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اب تک لاکھوں افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔

کویتی حکومت نے جی سی سی میں شامل ممالک کے شہریوں کے کویت داخلے پر عائد سفری پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد سعودیہ، امارات، قطر، بحرین اور عمان کے شہری کویت کا سفر کر سکیں گے۔ کویتی حکام کے مطابق ان ممالک سے ان مسافروں کو آنے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا کی دو نوں خوراکیں لگوا رکھی ہوں گی جبکہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک لگوانے والے بھی آ سکیں گے۔

(جاری ہے)

ان ممالک سے لوگ زمینی اور سمندری راستوں سے سفر کر سکیں گے۔ جی سی سی ممالک سے آنے والے شہریوں کو سفر سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گی جسے روانگی کے وقت جاری ہوئے 72 گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔ کویت پہنچنے پر مسافروں کو آن لائن ”مسافر پلیٹ فارم“ پر پی سی آر رپورٹ اور ویکسین رپورٹ کا اندراج کروانا لازمی ہوگا۔ یہاں بتاتے چلیں کہ اس سے قبل کویتی حکام نے پابندی عائد کر رکھی تھی کہ سعودیہ سے وہی شہری کویت آ سکیں گے جن کا کوئی خونی رشتہ دار کویتی شہری ہو ۔

ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے اور ہوٹل قرنطینہ کی شرط بھی عائد کی گئی تھی جو اب ختم کر دی گئی ہے۔ کویتی حکام کے مطابق مملکت میں اس ماہ کے آخر تک تقریباً پندرہ لاکھ آبادی سے زائد آبادی کو ویکسین لگا دی جائے گی۔ جس کی وجہ سے مملکت کی تقریباً چالیس فیصد سے زائد آبادی ویکسین لگوا کر محفوظ ہوجائے گی۔ اس ویکسی نیشن مہم سے مملکت میں حالات معمول پر آنے میں بڑی مدد ملے گی۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں