کویت نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کے لیے تجارتی پروازیں بحال کر دیں

کویتی کابینہ نے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، مصر اور نیپال کے لیے تجارتی پروازوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 اگست 2021 08:42

کویت نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کے لیے تجارتی پروازیں بحال کر دیں
 کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اگست 2021ء) کویت کی جانب سے کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے کئی اہم اقدامات اٹھائے گئے تھے۔ مملکت میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمدکے بعد یومیہ کیسز میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، جس کے بعد کویتی حکومت نے متعد د ممالک کے لیے فلائٹس بھی بحال کر دی ہیں ۔ اب کویتی حکومت کی جانب سے ایک اور اہم فیصلہ لیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان سمیت متعدد ممالک کے لیے تجارتی پروازوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کویتی نیوز ایجنسی کے مطابق کویتی کابینہ نے پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، مصر اور سری لنکا کے لیے تجارتی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ان ممالک کے لیے تجارتی پروازوں پر پابندی اٹھا لی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان ممالک سے آنے والی کارگو فلائٹس پر کورونا ایس او پیز پوری طرح لاگو ہوں گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل کویتی حکومت نے جی سی سی میں شامل ممالک کے شہریوں کے کویت داخلے پر عائد سفری پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد سعودیہ، امارات، قطر، بحرین اور عمان کے شہری کویت کا سفر کر سکیں گے۔

کویتی حکام کے مطابق ان ممالک سے ان مسافروں کو آنے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا کی دو نوں خوراکیں لگوا رکھی ہوں گی جبکہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک لگوانے والے بھی آ سکیں گے۔ ان ممالک سے لوگ زمینی اور سمندری راستوں سے سفر کر سکیں گے۔ جی سی سی ممالک سے آنے والے شہریوں کو سفر سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گی جسے روانگی کے وقت جاری ہوئے 72 گھنٹے سے زائد وقت نہ گزرا ہو۔

کویت پہنچنے پر مسافروں کو آن لائن ”مسافر پلیٹ فارم“ پر پی سی آر رپورٹ اور ویکسین رپورٹ کا اندراج کروانا لازمی ہوگا۔ یہاں بتاتے چلیں کہ اس سے قبل کویتی حکام نے پابندی عائد کر رکھی تھی کہ سعودیہ سے وہی شہری کویت آ سکیں گے جن کا کوئی خونی رشتہ دار کویتی شہری ہو ۔ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے اور ہوٹل قرنطینہ کی شرط بھی عائد کی گئی تھی جو اب ختم کر دی گئی ہے۔ کویتی حکام کے مطابق مملکت میں اس ماہ کے آخر تک تقریباً پندرہ لاکھ آبادی سے زائد آبادی کو ویکسین لگا دی جائے گی۔ جس کی وجہ سے مملکت کی تقریباً چالیس فیصد سے زائد آبادی ویکسین لگوا کر محفوظ ہوجائے گی۔ اس ویکسی نیشن مہم سے مملکت میں حالات معمول پر آنے میں بڑی مدد ملے گی۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں