کویت جانیوالے پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں بحال

کویت نے پاکستان ، بھارت اور مصر کیلئے پروازوں کا آغاز کردیا ، کویت ایئرویز کی جانب سے پاکستان کے لئے ہفتے میں 3 براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 8 ستمبر 2021 12:59

کویت جانیوالے پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں بحال
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 ستمبر 2021ء ) کویت جانے والے پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کردی گئیں ، کویت ایئرویز کی جانب سے پاکستان کے لئے ہفتے میں 3 براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق کویت کی جانب سے کورونا وباء کے باعث معطل ہونے والا فضائی آپریشن بحال کردیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان بھارت اور مصر کیلئے پروازوں کا آغاز کردیا گیا ہے ، جس کے تحت پاکستان بھارت اور مصر کے ساتھ فضائی آپریشن شروع ہوچکا ہے تاہم بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کے ساتھ پروازیں تاحال شیڈولنگ کی منتظر ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے نے وبائی بحران کے باعث ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد پاکستان، بھارت اور مصر کے ساتھ پروازیں دوبارہ شروع کی ہیں جب کہ سری لنکا ، نیپال اور بنگلہ دیش سے براہ راست پروازوں کا شیڈول ترتیب دینے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے کویت ایئرویز نے اپنے صارفین کو مطلع کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کویت ایئرویز کی جانب سے پاکستان کے لئے ہفتے میں 3 براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی ، جن میں سے ہفتے میں 2 پروازیں اسلام آباد اور ایک پرواز لاہور کے لئے ہو گی۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث کویت سے پاکستان، بھارت، مصر، بنگلادیش، سری لنکا اور نیپال کے لیے براہ راست پروازیں گزشتہ کئی ماہ سے معطل تھیں جن کی بحالی کا اعلان 25 اگست کو اس وقت کیا گیا تھا ، جب کویت کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان سمیت 6 ممالک کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا، ان ممالک کے لیے پروازوں کی بحالی کا فیصلہ ملک میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد وزارتی کونسل نے کورونا وائرس وزارتی کمیٹی کی سفارشات پر کیا تھا۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں