کویت نے شاندار خدمات سرانجام دینے پر پاکستانی ڈاکٹروں کو مستقل کنٹریکٹ دے دیا

مستقل تقرری کے بعد ان کے پاس دوسرے غیر کویتی ڈاکٹروں کی طرح معاہدے اور ملازمت کے عہدے ہوں گے ، پاکستان ستمبر کے آخر میں مزید ڈاکٹروں کو کویت بھیجے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 14 ستمبر 2021 17:46

کویت نے شاندار خدمات سرانجام دینے پر پاکستانی ڈاکٹروں کو مستقل کنٹریکٹ دے دیا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 ستمبر 2021ء ) کویت نے کورونا کے دوران صحت کے شعبے شاندار خدمات سرانجام دینے پر پاکستانی ڈاکٹروں کو مستقل کنٹریکٹ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت صحت کی جانب سے پاکستان کے تقریباً 140 ڈاکٹروں کو مستقل کنٹریکٹ دیے گئے ہیں جو کہ اس وقت عارضی بنیادوں پر کام کر رہے تھے ، مستقل کنٹریکٹ دینے کا مقصد یہ ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے مرض سے لڑنے میں مدد کر سکیں۔

بتایا گیا ہے کہ کویتی سسٹم کے تحت ایک ڈاکٹر کو عارضی بنیادوں پر رکھا جاتا ہے جو کہ ہسپتال ، کلینک یا پریکٹس میں روٹیشن گیپ کو پورا کرتا ہے ، اسی کے تحت پاکستانی ڈاکٹروں نے اس سے پہلے کویت میں 3 ماہ کی مدت کے لیے کام کیا جسے بعد میں مزید 3 ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا تھا تاہم اب مستقل تقرری کے بعد ان کے پاس دوسرے غیر کویتی ڈاکٹروں کی طرح معاہدے اور ملازمت کے عہدے ہوں گے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کویت پاکستانی ڈاکٹروں کو بیچ کے مطابق مستقل کنٹریکٹ دے رہا ہے ، اس ضمن میں کویت کے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل کاشف احمد نور نے بتایا کہ اب تک اکتوبر 2020ء سے چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے کل 9 بیچوں میں 239 ڈاکٹرز کویت آئے ، ساتویں بیچ تک کے تمام 140 ڈاکٹروں کو کویت میں وزارت صحت نے مستقل کنٹریکٹ دیا ہے جن میں سے 2 ڈاکٹرز اپنی ذاتی وجوہات کی بناء پر پاکستان واپس چلے گئے تاہم پاکستان ستمبر کے آخر میں مزید ڈاکٹروں کو کویت بھیجے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت کویت میں ڈاکٹروں ، نرسوں اور تکنیکی ماہرین سمیت 1500 کے قریب عملہ پہلے ہی کام کر رہا ہے ، کویت پاکستان سے زیادہ سے زیادہ طبی عملہ لینے کے لیے بے حد خواہش مند تھا اور وہ ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جب کہ عالمی ادارہ صحت اور دیگر اداروں کی جانب سے بھی کوورونا کے بارے میں ہمارے ردعمل کو سراہا گیا۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں