کویت میں پاکستانی لڑکی لاپتہ، واٹس ایپ پیغام میں والدین کو اسرائیل جانے کی دھمکی دیدی

15 سالہ بیٹی لاپتہ ہوگئی ہے اور گھر سے اس کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی غائب ہیں۔ والد کی پولیس کو درخواست

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 ستمبر 2021 12:17

کویت میں پاکستانی لڑکی لاپتہ، واٹس ایپ پیغام میں والدین کو اسرائیل جانے کی دھمکی دیدی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 ستمبر2021ء ) کویت میں لاپتہ ہونے والی پاکستانی لڑکی نے والدین کے نام پیغام میں خطرناک دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کویت میں مقیم ایک پاکستانی شہری نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی کہ اس کی 15 سالہ بیٹی لاپتہ ہوگئی ہے ، جس کے بعد لڑکی جانب سے والدین کے نام بھیجے گئے واٹس ایپ پیغام میں کہا گیا ہے کہ میں جنگجوؤں کے ساتھ شامل ہوکر اسرائیل کے خلاف لڑوں گی۔

اس حوالے سے کویتی پولیس نے بتایا کہ کویت کے علاقے خیطان پولیس سٹیشن میں ایک 50 سالہ پاکستانی نے رپورٹ درج کرائی کہ اس کی 15 سالہ بیٹی لاپتہ ہوگئی ہے اور گھر سے اس کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی غائب ہیں تاہم بیٹی نے واٹس ایپ پر رابطہ کر کے کہا ہے کہ وہ جنگجوؤں کے ساتھ شامل ہونے جا رہی ہے جس کے بعد وہ اسرائیل کے خلاف لڑے گی یا اسرائیل جا کر خود کو دھماکے سے اڑادے گی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق لڑکی کا موبائل ٹریک کرنے اور سم ریکارڈ سے پتا چلا ہے کہ وہ اس وقت کویت میں السالمیہ محلے میں کہیں موجود ہے اور بیرون ملک نہیں گئی ، جس پر لڑکی کا نام بلیک لسٹ میں شامل کر دیا تاکہ وہ بیرون ملک سفر نہ کر سکے جب کہ لڑکی کو تلاش کرنے کے لیے خصوصی فورس بھی تشکیل دے دی گئی ہے اور بہت جلد لڑکی کا کھوج لگالیا جائے گا۔ دوسری طرف کویت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 49 غیرملکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا ، بھارتی اور بنگلہ دیشی رہائشیوں کو انسانوں کے کھانے پینے کی ناقص اشیاء فروخت کرنے پر ملک بدر کیا جائے گا ، فروانیہ سیکورٹی ڈائریکٹریٹ کے میجر جنرل فراج الزوبی کی سربراہی میں شروع کی گئی مہم کے دوران پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت اور کویت بلدیہ کی ٹیموں کے تعاون سے جلیب الشیوخ علاقے میں عارضی بازاروں میں چھاپے مارے گئے جہاں سے 49 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا جن میں سے بیشتر بھارتی اور بنگلہ دیشی تھے ، اس مہم میں بلدیہ کے 60 سے زائد سیکورٹی اہلکار اور افرادی قوت اتھارٹی مکمل منصوبہ بندی سے شریک ہوئے جہاں ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا اس دوران ان کے فرار کی کوشش کو بھی ناکام بنایا گیا۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں