کویت نے غیرملکیوں کو کمرشل وزٹ ویزا کو ورک پرمٹ میں تبدیل کرنے کی سہولت دیدی

پالیسی میں تبدیلی کورونا اور دیگر وبائی امراض سے وابستہ اثرات کی روشنی میں لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کی گئی تاکہ وبائی عرصے کے دوران افرادی قوت کی نقل و حرکت میں لچک دی جا سکے

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 ستمبر 2021 11:50

کویت نے غیرملکیوں کو کمرشل وزٹ ویزا کو ورک پرمٹ میں تبدیل کرنے کی سہولت دیدی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 ستمبر 2021ء ) خلیجی ریاست کویت نے غیرملکیوں کو کمرشل وزٹ ویزا کو ورک پرمٹ میں تبدیل کرنے کی سہولت دے دی ، پالیسی میں تبدیلی کورونا اور دیگر وبائی امراض سے وابستہ اثرات کی روشنی میں لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کی گئی تاکہ وبائی عرصے کے دوران افرادی قوت کی نقل و حرکت میں لچک دی جا سکے اور ملک میں موجودہ حالات کی روشنی میں طبی ، تعلیمی ، معاشی اور دیگر سرگرمیوں کو ہموار طریقے سے چلایا جا سکے۔

کویتی میڈیا کے مطابق اس ضمن میں کویت پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کی جا نب سے کمرشل وزٹ ویزا کو ورک پرمٹ میں تبدیل کرنے کا بھی طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے جس کے بارے میں اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد الموسیٰ نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے آرٹیکل 18 کی دفعات کے تحت کمرشل وزٹ ویزا کو ورک ویزا میں تبدیل کرنے سے متعلق ایک طریقہ کار کی منظوری دی گئی ہے جو کہ اتھارٹی کی جانب سے ایک کفیل سے دوسرے کفیل کی منتقلی کے حوالے سے اتھارٹی کے جاری کردہ فیصلوں سے مطابقت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کورونا وائرس وبائی امراض سے وابستہ اثرات کی روشنی میں لیبر مارکیٹ کی ضروریات کا جواب ہے تاکہ وزراء کونسل کی ہدایات پر عمل درآمد اور پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت ، وزارتی کمیٹی برائے کورونا ایمرجنسی اور وزارت کے مابین ہم آہنگی کی مدد سے وبائی عرصے کے دوران مزدوروں کی نقل و حرکت کو مزید لچک دی جا سکے۔ ڈائریکٹر کویت پبلک اتھارٹی کے مطابق اتھارٹی کی کوششیں نجی شعبے کے اندر تمام سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے وقف ہیں ، اسی سلسلے میں کویتی فیڈریشن آف اونرز آف پرائیویٹ سکولز اینڈ کلچرل انسٹی ٹیوٹس کے کچھ نمائندوں سے خاص طور پر حالیہ دنوں میں جاری تیاریوں کی روشنی میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے لیے ملاقات کے دوران اساتذہ کے کمرشل ویزوں کو ورک ویزا میں تبدیل کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں