کویت میں رہائش پذیر پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کو جھوٹی فون کالز سے متعلق خبردار کردیا گیا

وزارت صحت ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے معلومات بھیجنے کا مطالبہ نہیں کرتی، کسی بھی قسم کے دھوکے یا فراڈ سے بچنے کیلئے ایسی کالز اور پیغامات کا جواب دینے سے اجتناب کریں

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 اکتوبر 2021 10:27

کویت میں رہائش پذیر پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کو جھوٹی فون کالز سے متعلق خبردار کردیا گیا
کویت سٹی ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین - 05 اکتوبر 2021 ) کویت میں رہائش پذیر پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کو خبردار کرتے ہوئے وزارتِ صحت کے نام پر ہونے والی دھوکہ دہی اور جھوٹی فون کالز کے معاملے پر بیان جاری کردیا گیا۔ کویتی میڈیا کے مطابق خلیجی ملک کی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزارت کسی بھی شہری یا رہائشی کو اپنا ڈیٹا بھیجنے کے لیے رابطہ نہیں کرتی ، اس ضمن میں وزارتِ صحت نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا ویکسین کی خوراکیں وصول کرنے والوں کے لیے فون کالز کے ذریعے دھوکہ دہی کے بارے میں جو کچھ زیر گردش ہے اس حوالے سے وزارت یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ وہ کسی بھی حوالے سے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں سے رابطہ نہیں کرتی۔

 
 
سرکاری بیان کے مطابق وزارت شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے کوئی ڈیٹا یا معلومات بھیجنے کا مطالبہ نہیں کرتی لہٰذا عوام اور رہائشی کسی بھی قسم کے دھوکے یا فراڈ سے بچنے کے لئے ایسی کالز اور پیغامات کا جواب دینے سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

ادھر کویت کے وزیر صحت نے ملک میں معمولات زندگی کی بحالی کا اعلان کردیا ، شیخ ڈاکٹر باسل الصباح کہتے ہیں کہ کویت میں زندگی معمول پر آگئی ہے ، ملک میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں عوام نہ جا سکتے ہوں یا جہاں زندگی معمول پر نہ آئی ہو ، انہوں نے کہا کہ ہم ان چند خوش قسمت ممالک میں سے ایک ہیں جہاں عام زندگی لوٹ آئی ہے ، ملک میں زندگی ایک بہترین طریقے سے جا رہی ہے اور ویکسی نیشن کا عمل اب بھی ایک بہترین طریقے سے چل رہا ہے اور ہر چیز دستیاب ہے لیکن چونکہ ہم بھی دنیا کا حصہ ہیں اور پوری دنیا کو وباء سے چھٹکارا حاصل کیے بغیر ہم اس وباء سے چھٹکارا نہیں پاسکتے۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں