کویت میں مقیم ہزاروں تارکین وطن سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ

ایسے تارکین وطن جو ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد ختم ہونے کے باوجود اس کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں ان سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لیے جائیں گے ، وزارت داخلہ نے منصوبہ بنالیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 اکتوبر 2021 15:03

کویت میں مقیم ہزاروں تارکین وطن سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 اکتوبر 2021ء ) کویت میں مقیم ہزاروں تارکین وطن سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ملک میں ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تارکین وطن سے ان کے ڈرائیونگ لائسنس واپس لیے جائیں گے ، ان میں ایسے تارکین وطن شامل ہیں جو کہ ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد ختم ہونے کے باوجود اس کا استعمال جاری رکھے ہوئے ہیں ، اس مقصد کے لیے وزارت داخلہ نے غیرملکیوں کے ہزاروں ڈرائیونگ لائسنس واپس لینے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت پرانے لائسنس کی معیاد ہونے کے باوجود ڈرائیو کرنے کی ممانعت سے متعلق بہت جلد ایک سرکلر جاری کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کے منصوبے کے تحت بلاک شدہ ڈرائیونگ لائسنس کا پتہ لگانے کے لیے ڈیٹا کو ٹریفک ڈیپارٹمنٹ ، افرادی قوت اور رہائشی امور کے مابین منسلک کیا جائے گا ، پرانے غیر قانونی لائسنس کے ساتھ تارکین وطن اپنی رہائش ( اقامہ ) کی تجدید نہیں کر سکیں گے کیوں کہ رہائش کی تجدید کے لیے انہیں لائسنس واپس کرنا پڑے گا ، پرانے ڈرائیونگ لائسنس کو محدود کرنے کے لیے پرانے لائسنس رکھنے والوں کو ان کی جگہ نئے ڈرائیونگ لائسنس لینا ہوں گے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کویت میں مقیم تقریباً 40 ہزار غیر ملکی ایسے ہیں جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تو ہیں لیکن جب وہ اپنا پیشہ تبدیل کرتے ہیں تو وہ اپنا ڈرائیونگ لائسنس کھو دیتے ہیں جو کہ ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی ایک شرط ہے ، ایسے غیر ملکی جو عام طور پر میعاد ختم ہونے والے لائسنس پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں وہ وزارت داخلہ جاتے ہیں اور 5 دینار ٹریفک جرمانہ ادا کرتے ہیں اور اپنی رہائش کی تجدید بھی کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی کے تقریباً 20 ہزار طلباء کو بھی ڈرائیونگ لائسنس دیے گئے جن میں سے بیشتر اب اپنی تعلیم تو مکمل کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود ابھی تک انہوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس واپس نہیں کیے ، اس لیے محکمہ ٹریفک ان کے ڈرائیونگ لائسنس کو بلاک کر دے گا تاکہ ان کے لائسنس کی تجدید نہ ہوسکے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں