کویت ؛ جابر پل پر بڑھتے ہوئے خود کشی کے واقعات‘ فورسز کا چوبیس گھنٹے گشت کرنے کا فیصلہ

ایسا انتہائی قدم اٹھانے والوں کے لئے ملک بدری ہی ان کی سزا ہے، سکیورٹی اہلکار ان معاملات میں نرمی نہ کریں ، متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کردی گئیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اکتوبر 2021 15:50

کویت ؛ جابر پل پر بڑھتے ہوئے خود کشی کے واقعات‘ فورسز کا چوبیس گھنٹے گشت کرنے کا فیصلہ
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اکتوبر 2021ء ) خلیجی ملک کویت کی وزارت داخلہ نے جابر پل پر خودکشی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے چوبیس گھنٹے گشت کرنے کا فیصلہ کرلیا، متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ایسا انتہائی قدم اٹھانے والوں کے لئے ملک بدری ہی ان کی سزا ہے، سکیورٹی اہلکار ان معاملات میں نرمی نہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق کویت کے معروف جابر پل پر حالیہ کچھ عرصے کے دوران ہونے والے خودکشی کے واقعات کو روکنے کے لیے وزارت داخلہ نے فوری حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت ڈسپلن کے نفاذ اور مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے گشت کیا جائے گا جس کا مقصد ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقادامات کے شعبوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کا قیام ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کویت کے معروف جابر پل پر خودکشی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ہے ، جہاں مصری شہری کے بعد بھارتی شہری نے بھی پُل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی ، 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں دوسرا واقعہ ہے ، جس میں ایک ہندوستانی باشندے نے جابر پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی لیکن ایک پرائیویٹ کشتی چلانے والے شخص نے اسے بچالیا۔

اس حوالے سے ایک سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ داخلہ آپریشن روم کو جابر پل پر ایک ڈوبتے ہوئے شخص کی اطلاع ملی ایک پرائیویٹ کروز چلانے والا شخص اسے بچانے میں کامیاب ہوا اور اسے سکیورٹی حکام اور ایمبولینس کے حوالے کیا ، تفتیش میں پتہ چلا کہ خودکشی کی کوشس کرنے والا ایک بھارتی شہری ہے جس نے پل پر اپنی گاڑی کھڑی کی اور اوپر سے چھلانگ لگا دی ، بھارتی شہری کی عمر 36 سال ہے اور اس کی صحت کی حالت مستحکم ہے اور اسے اپنے خلاف قانونی اقدامات کرنے کے لیے پولیس اسٹیشن بھیجا گیا جب کہ پبلک سیکیورٹی سیکٹر نے وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل فیصل النواف سے متعلقہ بھارتی شہری کی ملک بدری کی درخواست کی ہے۔

دوسری جانب سکیورٹی اہلکار فائر فائٹرز اور ایمبولینسوں کی مدد سے ایک مصری تارکین وطن کو بھی بچانے میں کامیاب ہوئے جس نے گزشتہ رات جابر پل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی ، سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ مصری تارکین وطن کے ساتھ ایک ٹیکسی ڈرائیور بھی تھا ، مصری شہری نے ٹیکسی ڈرائیور کو پل پر رکنے کے لیے کہا اور خود گاڑی سے باہر نکلا اور پل پر سے چھلانگ لگا دی ، جس پر ٹیکسی ڈرائیور نے فوری طور پر وزارت داخلہ کو آگاہ کیا ، سکیورٹی ، فائر فائٹرز اور میڈیکل ایمرجنسی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مذکورہ شخص کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں