کویت میں رہنے والے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کیلئے خوش خبری

خلیجی ملک میں مفت بس سروس شروع کردی گئی ‘ کویتی دارالحکومت میں 4 مختلف اسٹیشنوں کے ذریعے مبارکیہ علاقے کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 نومبر 2021 11:58

کویت میں رہنے والے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کیلئے خوش خبری
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 نومبر 2021ء ) کویت میں رہنے والے پاکستانیوں اور دیگر غیرملکیوں کیلئے خوش خبری ہے کہ خلیجی ملک میں مفت بس سروس شروع کردی گئی ہے ‘ کویتی دارالحکومت میں 4 مختلف اسٹیشنوں کے ذریعے مبارکیہ علاقے کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ۔ کویت اردو کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او منصور السعد نے دارالحکومت کے علاقے میں 4 مختلف اسٹیشنوں کے ذریعے مبارکیہ علاقے کے لیے کمپنی کی جانب سے مفت ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی شروع کرنے کا اعلان کیا ، یہ سروس اسٹیشن پر ہر آدھے گھنٹے بعد شٹل سروس کے ساتھ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک ہوگی جب کہ مبارکیہ تک جانے والے اسٹیشنوں میں سوق شرق پارکنگ لاٹ، شرق کے علاقے میں سنابل کمپلیکس کے سامنے والا چوک، شیریٹن ہوٹل کے قریب گول چکر کے سامنے والا چوک اور مرقاب کے علاقے میں وزارتی کمپلیکس کا پلازہ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کویت کی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او منصور السعد نے کہا کہ یہ سروس ابتدائی طور پر اگلے سال مارچ کے آخر تک جاری رہے گی اور ابتدائی طور پر 6 بسیں فراہم کی جائیں گی تاہم طلب میں اضافے کی صورت میں اس میں توسیع کا امکان ہے ، ٹرانسپورٹیشن سروس مبارکیہ کے علاقے میں سڑکوں اور آس پاس کی پارکنگ لاٹوں میں بھیڑ کو کم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرے گی ، کیوں کہ یہ علاقہ بھیڑ کے ایک بڑے مسئلے سے دوچار ہے جس کے لیے ایسی سروس کی فراہمی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ سروس فراہم کرنے والی بسیں کمپنی کی طرف سے ایک خاص شناخت اور رنگوں کے ساتھ چلائی جائیں گی تاکہ انہیں باقی بسوں سے منفرد کیا جا سکے نیز ان میں بڑی جگہیں فراہم کی جائیں گی تاکہ مارکیٹ سے خریداری کی ضروریات کو بھی پورا کیا جا سکے ، یہ سروس کمپنی کے سماجی اقدامات کے تحت آتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں