کویت نے 2 سال بعد وزٹ ویزا کا آن لائن اجراء دوبارہ شروع کردیا

وزارت داخلہ نے تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے سیاحتی ویزوں کی فراہمی دوبارہ شروع کردی ، یہ ویزا 53 ممالک کے شہریوں کے لیے اب آن لائن دستیاب ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 نومبر 2021 12:06

کویت نے 2 سال بعد وزٹ ویزا کا آن لائن اجراء دوبارہ شروع کردیا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 نومبر 2021ء ) خلیجی ملک کویت نے 2 سال بعد وزٹ ویزا کا آن لائن اجراء دوبارہ شروع کردیا ۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی جانب سے کورونا وباء کے باعث روکے گئے وزٹ ویزا جاری کرنے کے آن لائن عمل کا آغاز 2 سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر کردیا گیا ہے ۔ روزنامہ الرای نے سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت داخلہ نے تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے سیاحتی ویزوں کی فراہمی دوبارہ شروع کردی ہے ، یہ ویزا 53 ممالک کے شہریوں کے لیے اب آن لائن دستیاب ہے اور ملک میں آنے سے پہلے اسے حاصل کرنا ضروری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کویت آنے کے خواہشمند درخواست گزار کو سیاحتی ویزا کے حصول کے لیے دیے گئے طریقہ کار کے تحت درخواست جمع کرانا ہوگی ، ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی جمع کرانا ہوگا جب کہ ٹکٹ بک کرنے کے علاوہ فیس بھی ادا کرنی ہوگی جس کے بعد ’مائی امیونیٹی‘ ایپلی کیشن میں خود کو رجسٹر کرنا ہوگا ، اس رجسٹریشن میں پی سی آر سرٹیفکیٹ کا شامل ہونا بھی ضروری ہے ، اس کے بعد ہی مسافر کو فوری طور پر ملک میں داخل ہونے کی اجازت مل سکے گی۔

(جاری ہے)

جن ممالک کو کویت کے سیاحتی ویزے جاری کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان کی فہرست درج ذیل ہے:
سپین ، جرمنی ، اندورا ، یوکرائن ، آئرلینڈ ، آئس لینڈ ، آسٹریلیا ، ایسٹونیا ، پرتگال ، جمہوریہ چیک ، ڈنمارک ، سویڈن ، ویٹیکن ، برطانیہ ، ناروے ، آسٹریا ، ریاستہائے متحدہ امریکہ ، جاپان ، یونان ، اٹلی بیلجیم ، بلغاریہ ، بھوٹان ، برونی ، پولینڈ ، ترکی ، عوامی جمہوریہ چین ، ہانگ کانگ ، جمہوریہ ہنگری ، جارجیا ، رومانیہ ، سان مارینو ، سلوواکیہ ، سلووینیا ، سنگاپور ، سوئٹزرلینڈ ، سربیا ، فرانس ، فن لینڈ ، قبرص ، کروشیا ، کمبوڈیا ، کینیڈا ، جنوبی کوریا ، لٹویا ، لاؤس ، لتھوانیا ، لکسمبرگ ، لیختنسٹین ، مالٹا ، ملائیشیا ، موناکو ، نیوزی لینڈ اور ہالینڈ شامل ہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں