سعودیہ اور یو اے ای کے بعد کویت میں بھی اومی کرون کے پہلے کیس کی تصدیق

جس مسافر میں اومی کرون انفیکشن کی تشخیص ہوئی وہ ایک افریقی ملک سے آیا تھا‘ مسافر کو پہلے ہی کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں مل چکی تھیں۔ ترجمان کویتی وزارت صحت

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 دسمبر 2021 08:57

سعودیہ اور یو اے ای کے بعد کویت میں بھی اومی کرون کے پہلے کیس کی تصدیق
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2021ء ) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور خلیجی ملک کویت میں بھی کورونا وائرس کی مہلک قسم اومی کرون کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت میں نئے کورونا وائرس اومیکرون کا پہلا کیس سامنے آگیا ، کویت کی وزارت صحت کی جانب سے ملک میں اومی کرون کا پہلا انفیکشن ریکارڈ ہونے کی تصدیق کی گئی۔

وزارت صحت کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السناد نے نیوز ایجنسی ’کونا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم ایک مسافر میں پائی گئی ، جس مسافر میں اومی کرون انفیکشن کی تشخیص ہوئی وہ ایک افریقی ملک سے آیا تھا ، اب وہ ہیلتھ پروٹوکول کے تحت ادارہ جاتی قرنطینہ میں ہے جب کہ اس مسافر کو پہلے ہی کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں مل چکی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کویتی وزارت صحت کی جانب سے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں کیوں کہ اب تک متعدد ممالک میں کورونا کی نئے قسم کی اومی کرون کیسز سامنے آچکے ہیں ، اس وقت تک کویت میں وبائی صورتحال مستحکم ہے تاہم شہریوں اور رہائشیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں وزارت کی مدد کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ویکیس کی بوسٹر ڈوز لازمی لگوائیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل متحدہ عرب امارات میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون کا پہلا کیس اس وقت سامنے آیا تھا ، جب افریقی ملک سے امارات پہنچنے والی خاتون میں مہلک وبا کی نئی قسم کی تشخیص ہوئی ، اماراتی حکام نے ملک میں اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ خاتون کورونا وائرس ویکسین کی دو خوراکیں لگوا چکی ہے۔ دوسری جانب اسی روز سعودی عرب میں بھی اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ، اس ضمن میں وزارت صحت کے ایک سعودی اہلکار نے ایس پی اے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ حکام کی جانب سے ٹیسٹ کرائے جانے کے بعد شمالی افریقی ملک سے سفر کرنے والے ایک مسافر میں اومی کرون وائرس پایا گیا ، اومی کرون کی تصدیق والے سعودی شہری اور اس کے ساتھ سماجی رابطوں میں آنے والے دیگر افراد کو صحت کے طریقہ کار کے مطابق قرنطینہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں