اومی کرون کا خطرہ‘ کویتی شہریوں کو برطانیہ سمیت 3 ملک فوری چھوڑنے کا مشورہ

شہری فوری طور پر برطانیہ ‘ فرانس اور جرمنی سے نکل جائیں کیوں کہ مذکورہ تینوں ممالک میں اومی کرون وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کویتی سفارتخانوں کا شہریوں کو پیغام

پیر 3 جنوری 2022 15:10

اومی کرون کا خطرہ‘ کویتی شہریوں کو برطانیہ سمیت 3 ملک فوری چھوڑنے کا مشورہ
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جنوری 2022ء ) عالمی وباء کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے خطرے کے پیش نظر کویت نے اپنے شہریوں کو برطانیہ سمیت 3 ملک فوری چھوڑنے کا مشورہ دے دیا ، کویتی سفارتخانوں نے ان ممالک میں موجود اپنے شہریوں کے لیے بیانات جاری کردیے ۔ عرب میڈیا کے مطابق کویتی حکومت کی جانب سے اپنے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر برطانیہ ، فرانس اور جرمنی سے نکل جائیں کیوں کہ مذکورہ تینوں ممالک میں اومی کرون وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

اس حوالے سے ان تینوں ممالک میں موجود کویت کے سفارتخانوں کی طرف سے الگ الگ بیانات جاری کیے گئے ہیں ، جن میں کویت کے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی شکل اومی کرون تیزی سے پھیل رہی ہے اور وائرس میں مبتلاء افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ضروری ہے کہ کویتی شہری پہلی فرصت میں مذکورہ ممالک سے نکل جائیں ، اس ضمن میں مزید معلومات یا کسی بھی سوال کے جواب کے لیے مذکورہ ممالک میں کویتی سفارتخانوں سے رابطے کا کہا گیا ہے جہاں شہریوں کی سہولت کیلئے 24 گھنٹے عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ برطانیہ اور یورپ کے کئی ممالک میں نئے کورونا انفیکشن کی روزانہ کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جارہا ہے، جہاں انتہائی تیزی سے منتقلی کے قابل اومی کرون ویریئنٹ کی وجہ سے کرسمس اور نئے سال پر روزانہ نئے کیسز کا بوجھ بڑھ چکا ہے ، اس صورتحال میں اگر ہسپتالوں، اسکولوں اور دیگر کام کی جگہوں پر عملے کی بڑی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس حوالے سے ان ممالک کی حکومتیں ہنگامی منصوبے بنا رہی ہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments