پریشانی ختم ‘ کویت نے 6 ماہ سے زیادہ ملک سے باہر رہنے والے غیرملکیوں کو ریلیف دے دیا

کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر تارکین وطن کی رہائش کی منسوخی کے طریقہ کار کو فعال نہیں کیا گیا ‘ ملک سے باہر رہنے والے تارکین اب بھی آن لائن اپنے اقامہ کی تجدید کرواسکتے ہیں۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 14 جنوری 2022 11:50

پریشانی ختم ‘ کویت نے 6 ماہ سے زیادہ ملک سے باہر رہنے والے غیرملکیوں کو ریلیف دے دیا
  کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جنوری 2022ء ) خلیجی ملک کویت سے 06 ماہ سے زیادہ باہر رہنے والے تارکین وطن کو ریلیف مل گیا ۔ کویت اردو نے روزنامہ السیاسہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک سینئر سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ ملک سے باہر رہنے والے تارکین وطن اب بھی آن لائن اپنے اقامہ کی تجدید کرواسکتے ہیں کیوں کہ وزارت داخلہ میں اقامتی امور کے جنرل ڈپارٹمنٹ نے عالمی وباء کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر 6 ماہ یا اس سے زیادہ عرصہ سے ملک سے باہر رہنے والے تارکین وطن کی رہائش کی منسوخی کے طریقہ کار کو فعال نہیں کیا لہٰذا تارکین وطن 6 ماہ سے زیادہ ملک سے باہر رہ سکتے ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ان کا اقامہ درست ہو اور جب بھی ممکن ہو بغیر کسی پریشانی کے واپس کویت آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے پہلے کویت نے 6 ماہ تک واپس نہ آنے والوں کے اقامے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، کویت کی حکومت نے چھٹی پر جا کر 6 ماہ تک واپس نہ آنے والے گھریلو عملے کے اقاموں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ، چھٹی پر جاکر 6 ماہ تک واپس نہ آنے والوں کے اقامے منسوخ کرنے پر اس سے پہلے بھی عمل ہوتا رہا ہے تاہم جب عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے پروازیں معطل ہوئیں تو اس قانون کو بھی وقتی طور پر معطل کر دیا گیا تھا ، اب بیشتر ممالک سے پروازوں کی بحالی کے بعد پرانے قانون پر دوبارہ عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن عالمی وباء کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر 6 ماہ یا اس سے زیادہ عرصہ سے ملک سے باہر رہنے والے تارکین وطن کی رہائش کی منسوخی کے طریقہ کار کو ابھی فعال نہیں کیا گیا۔

علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے کویت میں رہائش پذیر تمام غیر ملکیوں کے ڈرائیورنگ لائسنس کی تجدید معطل کر دی گئی ہے اور شرائط پر پورا نہ اترنے والوں کے لائسنس ختم کئے جارہے ہیں ، لائسنس کی تجدید کا پورٹل بند کر دیا گیا ہے ، لائسنس کی تجدید کے پورٹل کو بند کرنے سے غیر ملکی نہ تجدید کرسکتے ہیں اور نہ ہی اپنے گم شدہ لائسنس کا متبادل نکلوا سکتے ہیں اسی طرح اب وہ اپنے لیے نئے لائسنس بھی جاری نہیں کرواسکتے۔

کویتی اخبار الرای سے معلوم ہوا ہے کہ فیصلے پر غیر اعلانیہ نفاذ گزشتہ ہفتے ہی شروع ہوگیا تھا ، جس کے بعد سے اب صورتحال کچھ یوں ہے کہ کویت میں مقیم شرائط پر پورا اترنے والے غیر ملکی بھی اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید نہیں کرسکتے جب کہ متعلقہ ادارے کی جانب سے پورٹل بند کرنے کی وجہ غیر ملکیوں کے لائسنس کی نئی شرائط کے اعلان کا انتظار بتائی گئی ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں