کویت میں کورونا کے دوران پاکستانی طبی عملہ انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے

پاکستان سے وباء کے دوران ساڑھے 3 ہزار سے زائد ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر طبی تکنیکی افراد کو کویت بھیجا گیا ، مزید 3 ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کو بھی بھیجا جائے گا۔ مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 5 فروری 2022 13:42

کویت میں کورونا کے دوران پاکستانی طبی عملہ انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 05 فروری 2022ء ) خلیجی ملک کویت میں کورونا وباء کے دوران پاکستانی طبی عملہ انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے ‘ مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز کہتے ہیں کہ پاکستان نے وبا کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زیادہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو کویت بھیجا ‘ مزید تین ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان کو بھی بھیجے جائیں گے ۔

اُردو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے ابتدائی طور پر جولائی 2020ء میں 600 پاکستانی طبی ماہرین کو بھیجنے کے لیے پاکستان اور کویت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ، جس کے بعد پاکستان سے وباء کے دوران ساڑھے 3 ہزار سے زائد ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر طبی تکنیکی افراد کو کویت بھیجا گیا ، مزید 3 ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ابھی بھیجا جائے گا جب کہ سعودی عرب کی جانب سے بھی طبی عملے کے لیے سینکڑوں پاکستانیوں کی بھرتیاں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بناء پر کویت نے سال 2011ء میں ایران ، عراق ، شام اور افغانستان کے ساتھ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کا عمل معطل کردیا تھا تاہم پاکستان نے 2020ء میں ویزوں کی بحالی کے لیے کویت کے ساتھ بات شروع کی جس کے نتیجے میں کویت نے 2021ء کے وسط میں پاکستانی شہریوں کے لیے کاروباری اور فیملی ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کیا تو نرسوں ، ڈاکٹروں اور طبی تکنیکی عملے کا پہلا گروپ کویت بھیجا گیا صرف یہی نہیں بلکہ اس کے بعد مزید طبی عملہ بھی خلیجی ملک روانہ کیا گیا ۔

علاوہ ازیں کویت نے 2 سال بعد وزٹ ویزا کا آن لائن اجراء دوبارہ شروع کردیا ، کویت کی جانب سے کورونا وباء کے باعث روکے گئے وزٹ ویزا جاری کرنے کے آن لائن عمل کا آغاز 2 سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر کردیا گیا ہے ، وزارت داخلہ نے تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے سیاحتی ویزوں کی فراہمی دوبارہ شروع کردی ہے ، یہ ویزا 53 ممالک کے شہریوں کے لیے اب آن لائن دستیاب ہے اور ملک میں آنے سے پہلے اسے حاصل کرنا ضروری ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں