کویت اسرائیلی اداکارہ کے کردار والی فلم اپنے ملک میں نہیں دکھائے گا

خلیجی ملک نے اسرائیلی اداکارہ گال گیڈوٹ کی فلم ’ڈیتھ آن دی نیل‘ کی نمائش پر پابندی لگادی ، کویتی وزارت اطلاعات نے یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر لگائے گئے فلم پر پابندی کے مطالبات کے بعد کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 فروری 2022 13:24

کویت اسرائیلی اداکارہ کے کردار والی فلم اپنے ملک میں نہیں دکھائے گا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 09 فروری 2022ء ) کویت نے ملک میں اسرائیلی اداکارہ گال گیڈوٹ کی نئی فلم کی نمائش پر پابندی عائد کردی ۔ بین الاقوامی نیوز ویب سائٹس کی رپورٹس کے مطابق ’ڈیتھ آن دی نیل‘ ایک پراسرار تھرلر فلم ہے جس میں اسرائیلی اداکارہ گال گیڈوٹ کا کردار ہے ، ڈیتھ آن دی نیل اگاتھا کرسٹی کے اسی نام کے ناول پر مبنی ہے ، اس کی ہدایت کاری کینتھ براناگ نے کی ہے ، جو فلم میں شریک اداکار بھی ہیں ، یہ فلم 11 فروری کو ریلیز ہونے والی ہے لیکن کویت میں پردے پر نہیں آئے گی کیوں کہ اس فلم کو کویت میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ کویت کی وزارت اطلاعات نے یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر لگائے گئے فلم پر پابندی کے مطالبات کے بعد کیا ہے ، یہ تنقید گیل گیڈوٹ کی جانب سے 2014ء کی غزہ جنگ کے تناظر میں اسرائیلی فوج کی تعریف اور حمایت پر کی گئی تھی ، اس وقت گیل گیڈوٹ نے فیس بک پر اپنی اور اپنی بیٹی کی دعا کی تصویر کے ساتھ لکھا تھا کہ میں اپنے ساتھی اسرائیلی شہریوں کو اپنی محبت اور دعائیں بھیج رہی ہوں ، خاص طور پر ان تمام لڑکوں اور لڑکیوں کو جو حماس کی طرف سے کی جانے والی خوفناک کارروائیوں سے میرے ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں، جو خواتین اور بچوں کے پیچھے بزدلوں کی طرح چھپے ہوئے ہیں ، ہم پر قابو پا لیں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب گال گیڈوٹ کی اداکاری والی کسی فلم پر اس کے سیاسی موقف کی وجہ سے نمائش پر پابندی لگائی گئی ہو کیوں کہ گال نے کھل کر اسرائیلی فوج کی حمایت کا اظہار کیا ہے اور خود فوج میں دو سال لازمی خدمات انجام دی ہیں ، 2017 میں اس کی بلاک بسٹر سپر ہیروئن فلم ’ونڈر وومن‘ نے مشرق وسطیٰ میں ایک تنازعہ کھڑا کردیا ، ونڈر وومن پر قطر اور لبنان میں پابندی عائد تھی اور تیونس میں بھی اس کی نمائش روک دی گئی تھی۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں