صالح العجیری کا 102 برس کی عمر میں انتقال‘ فلکیات میں عرب دنیا کا روشن باب ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا

صالح العجیری عرب دنیا میں سب سے زیادہ تجربہ کار، معروف اور انتہائی معتبر ماہر فلکیات مانے جاتے تھے ۔۔ فلکیات کے شعبے میں سائنس اور علم کے ایک آئیکون کی موت پر کویتی عوام اور جی سی سی کے ساتھ ہماری تعزیت ہے ، دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 11 فروری 2022 12:44

صالح العجیری کا 102 برس کی عمر میں انتقال‘ فلکیات میں عرب دنیا کا روشن باب ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 11 فروری 2022ء ) عرب دنیا کے مشہور و معروف ماہر فلکیات صالح العجیری انتقال کرگئے ۔ خلیجی میڈیا کے مطابق تجربہ کار کویتی ماہر فلکیات اور ماہر موسمیات ڈاکٹر صالح العجیری 102 سال کی عمر میں فلکیات اور ریاضی کے شعبوں میں شراکت اور کامیابیوں کے طویل سفر کے بعد وفات پاگئے ، 23 جون 1920 کو پیدا ہونے والے العجیری کو کویت میں فلکیات اور موسمیات متعارف کرانے کا سہرا جاتا ہے ، جہاں انہوں نے 1970 کی دہائی کے اوائل میں ملک کی پہلی رصد گاہ بنائی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ العجیری نے فلکیات اور ریاضی پر بہت سی کتابیں اور مضامین لکھے اور کئی سیمینارز اور لیکچرز کے ساتھ ساتھ خصوصی سائنسی مراکز اور کلبوں میں پیش کیے گئے پروگرام بھی دیے ، انہوں نے فلکیات کے بارے میں عرب دنیا کے لیے بہت سی کتابیں لکھیں اور العجیری کیلنڈر کی تشکیل کے پیچھے بھی ان کا ہاتھ تھا ، جو پہلی بار 1952 میں جاری کیا گیا اور اسے تاریخوں اور نماز کے اوقات کی پیروی کے لیے کویت میں سب سے مستند اور استعمال شدہ کیلنڈر سمجھا جاتا ہے ، ان کی کئی مطبوعات ، تحقیق اور ایک لائبریری بھی ان کے نام سے منسوب ہے۔

(جاری ہے)

کویت اور عرب دنیا میں سب سے زیادہ تجربہ کار، معروف اور انتہائی معتبر ماہر فلکیات کے طور پر العجیری نے مقامی اور بین الاقوامی سائنسی کانفرنسوں میں مختلف تقریبات میں شرکت کی ، العجیری کو کویت یونیورسٹی نے 1981ء اور 1988ء میں فلکیاتی شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا تھا ۔

نائب صدر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹویٹر پر کویتی اور جی سی سی خطے کے لوگوں سے تعزیت کا اظہار کیا ، شیخ محمد نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ فلکیات کے شعبے میں سائنس اور علم کے ایک آئیکون ماہر فلکیات ڈاکٹر صالح العجیری کی موت پر کویتی کے عوام اور جی سی سی کے ساتھ ہماری تعزیت ہے ، ہمیں امید ہے کہ وہ GCC کے ماہرین فلکیات اور دیگر شعبوں میں سائنس دانوں کی ایک نئی نسل کی سورت میں زندہ رہیں گے جن پر ہمیں فخر ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں