کویت میں ہزاروں لٹر ڈیزل چوری کے الزام میں 2 پاکستانی گرفتار

پاکستانی ٹینکر ڈرائیوروں پر تقریباً 4 ہزار لٹر ڈیزل چوری کرنے کا الزام ہے‘ ڈیزل آئل فیلڈ میں خصوصی مشینوں کو چلانے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 فروری 2022 14:24

کویت میں ہزاروں لٹر ڈیزل چوری کے الزام میں 2 پاکستانی گرفتار
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 فروری 2022ء ) کویت میں ڈیزل چوری کے الزام میں 2 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ کویت اُردو کے مطابق ایک آئل کمپنی میں کام کرنے والے 2 پاکستانی ٹینکر ڈرائیوروں پر تقریباً 4 ہزار لٹر ڈیزل چوری کرنے کا الزام ہے اور یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب صبیہ کے علاقے میں ایک آئل فیلڈ کے سپروائزر کو ڈیزل کی کمی کا شک ہوا جو فیلڈ میں خصوصی مشینوں کو چلانے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا ، اس ڈیزل کی چوری کا الزام 2 پاکستانی ڈرائیوروں پرلگایا گیا جو کمپنی میں ٹینکر ڈرائیور کے طور پر کام کر رہے تھے ۔

بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کا مقدمہ درج کرکے یہ کیس پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا جس نے محکمہ فوجداری تفتیش کو ڈرائیور اور چوری شدہ سامان کی تلاش اور تفتیش کے بعد دونوں پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کویت میں کورونا وباء کے دوران پاکستانی طبی عملہ انسانیت کی خدمت میں سب سے آگے رہا ‘ مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز کہتے ہیں کہ پاکستان نے وبا کے دوران ساڑھے تین ہزار سے زیادہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو کویت بھیجا ‘ مزید تین ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان کو بھی بھیجے جائیں گے ، ابتدائی طور پر جولائی 2020ء میں 600 پاکستانی طبی ماہرین کو بھیجنے کے لیے پاکستان اور کویت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ، جس کے بعد پاکستان سے وباء کے دوران ساڑھے 3 ہزار سے زائد ڈاکٹروں ، نرسوں اور دیگر طبی تکنیکی افراد کو کویت بھیجا گیا ، مزید 3 ہزار ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ابھی بھیجا جائے گا جب کہ سعودی عرب کی جانب سے بھی طبی عملے کے لیے سینکڑوں پاکستانیوں کی بھرتیاں کی جارہی ہیں ۔

معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بناء پر کویت نے سال 2011ء میں ایران ، عراق ، شام اور افغانستان کے ساتھ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کا عمل معطل کردیا تھا تاہم پاکستان نے 2020ء میں ویزوں کی بحالی کے لیے کویت کے ساتھ بات شروع کی جس کے نتیجے میں کویت نے 2021ء کے وسط میں پاکستانی شہریوں کے لیے کاروباری اور فیملی ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کیا تو نرسوں ، ڈاکٹروں اور طبی تکنیکی عملے کا پہلا گروپ کویت بھیجا گیا صرف یہی نہیں بلکہ اس کے بعد مزید طبی عملہ بھی خلیجی ملک روانہ کیا گیا ۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں