کویت میں 8 ہزار غیرملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس ضبط‘ دوبارہ حصول ناممکن ہوگیا

شرائط پر پورا نہ اترنے والوں کے ڈرائیونگ لائسنس واپس لیے گئے‘ سخت شرائط کے باعث غیر ملکیوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی شرح میں 50 فیصد کمی ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 5 اگست 2022 12:54

کویت میں 8 ہزار غیرملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس ضبط‘ دوبارہ حصول ناممکن ہوگیا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اگست 2022ء ) خلیجی ملک کویت میں 8 ہزار غیر ملکیوں سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لے لیے گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے بتایا ہے کہ اس سال کی پہلی ششماہی میں غیر ملکیوں کے 8,000 ڈرائیونگ لائسنس واپس لیے گئے، ان میں وہ غیرملکی شامل ہیں جو لائسنس لینے کی شرائط پر پورا نہیں اترتے تھے، محکمہ ٹریفک نے اپنی تعلیم مکمل کرنے والے غیر ملکی طلباء کے ڈرائیونگ لائسنس بلاک کر دیے ہیں، نیز ایسے گھریلو ملازمین جو کفیلوں سے مفرور تھے اور ہوم ڈیلیوری کے طور پر کام کرتے ہیں ان کے ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کیے گئے ہیں، جن کے لیے خود کار نظام کی وجہ سے اسے دوبارہ حاصل کرنا یا اس کی تجدید کرنا مشکل ہو گیا ہے، اس کے علاوہ کویتی شہریوں کے 50 ڈرائیونگ لائسنس ان کی نظر کی کمزوری یا ذہنی معذوری کی وجہ سے بلاک کیے گئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے تنخواہ، پیشہ اور یونیورسٹی کی ڈگری جیسی شرائط پر پورا نہ اترنے والوں سے ڈرائیونگ لائسنس واپس لیے گئے جب کہ ملازمت کا عنوان تبدیل کرنے اور تنخواہ کم کرنے والوں کے لائسنس خود بخود بلاک ہوگئے، اس کے علاوہ وزارت داخلہ نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کو مزید سخت کرنے اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے تمام شرائط پوری کرنے والوں کو محدود کرنے کی ہدایت کی ہے، اس مقصد کے لیے وزارتوں کے درمیان نظام کو آپس میں جوڑنے اور ڈیٹا کے اشتراک نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے ہیرا پھیری کو کم کرنے میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے۔

محکمہ ٹریفک اور آپریشنز کے انڈر سیکرٹری میجر جنرل جمال الصایغ نے ہدایت دی کہ غیر ملکیوں کو ڈرائیونگ لائسنس دینے میں نرمی نہ برتی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وزارت کی طرف سے مقرر کردہ تمام شرائط جیسے ملازمت کا عنوان، پیشہ، تنخواہ، یونیورسٹی کی ڈگری اور اپنے ملک میں ڈرائیونگ کے لائسنس کو پورا کیا جائے، ان اقدامات کی وجہ سے موجودہ سال میں غیر ملکیوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والوں کی شرح میں 50 فیصد کمی ہوگئی۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں