عید کی چھٹیوں کیلئے کویت ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات

تعطیلات کے دوران خلیجی ملک سے 2 لاکھ 20 ہزار افراد کے سفر کی توقع ہے

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 اپریل 2023 15:45

عید کی چھٹیوں کیلئے کویت ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات
کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اپریل2023ء) عیدالفطر کی چھٹیوں کے رش سے نمٹنے کیلئے کویت ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں کیوں کہ تعطیلات کے دوران خلیجی ملک سے 2 لاکھ 20 ہزار افراد کے سفر کی توقع ہے۔ گلف نیوز کے مطابق ایک اعلیٰ اہلکار نے کہا ہے کہ کویت عید الفطر کی چھٹیوں کے رش سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، کویتی کابینہ نے پیر کو ملک میں تمام وزارتوں، سرکاری اور نجی اداروں کے لیے 21 سے 25 اپریل تک عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے، خلیجی ملک میں 26 اپریل کو کام دوبارہ شروع ہوگا۔

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل صالح الفداغی کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران 2 لاکھ 20 ہزار مسافروں کے سفر کرنے کی توقع ہے، دبئی، استنبول، جدہ، قاہرہ اور دوحہ عید کے دوران مقبول ترین مقامات میں شامل ہیں، اس دوران ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے ایک ایکشن پلان موجود ہے جس میں ملازمین اور سپروائزرز کے لیے سالانہ چھٹیوں کو ریگولیٹ کرنا اور مسائل کے حل میں تیزی سے مداخلت کے لیے سپورٹ ٹیم، بقایا ملازمین کے لیے انعامات اور چارٹر اور پرائیویٹ پروازوں کے لیے سعد ال عبداللہ ایئرپورٹ کا استعمال شامل ہے۔

(جاری ہے)

یونین آف کویتی ٹریول اینڈ ٹورازم آفسز کے زیر اہتمام تقریب میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2023ء کے دوران مسافروں کی آمدورفت 13 ملین تک پہنچنے کی امید ہے، یہی وجہ ہے کہ رمضان المبارک کے دوران 7 ہزار 800 پروازوں میں تقریباً 7 لاکھ مسافروں نے کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو عبور کیا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں