پاکستانیوں کیلئے کویت کی ویزہ پالیسی میں نرمی کا امکان

پاکستانی ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی ماہرین کی نئی کھیپ موسم گرما کے اختتام سے پہلے کویت آئے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 اپریل 2023 12:57

پاکستانیوں کیلئے کویت کی ویزہ پالیسی میں نرمی کا امکان
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 اپریل 2023ء ) کویت میں پاکستان کے سفیر نے پاکستانیوں کیلئے کویت کی ویزہ پالیسی میں نرمی کا امکان ظاہر کردیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق افطار پارٹی کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کویت میں پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مضبوط تعلقات ہیں، پاکستانی ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی ماہرین کی نئی کھیپ موسم گرما کے اختتام سے پہلے کویت آئے گی، یہ طبی عملہ کویت کی وزارت صحت کے زیرانتظام کام کرے گا کیوں کہ پاکستانی طبی عملے نے مشکل ترین حالات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، انہوں نے کورونا بحران کے دوران نمایاں کردار ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے کویتی نجی شعبے کے ساتھ بات چیت کی ہے کہ جلد ہی نجی ہسپتالوں میں بھی پاکستانی طبی ٹیموں کو کام کرنے کے لیے لایا جائے، ہمارے پاس مختلف شعبوں میں بہت سے ہنر مند کارکن ہیں، ہم کویت کی خدمت کرنے اور نئی نسلوں کو کویت میں کام کرنے اور کویت کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، پاکستانی کمیونٹی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جو بہت سے مشکل وقتوں میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم پاکستانی تاجروں اور ہنر مند پیشہ ور افراد کے لیے داخلے کے ویزوں کے حصول کے طریقہ کار میں نرمی کی امید کر رہے ہیں تاکہ کویتی اور پاکستانی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے، کویت مختلف قومیتوں کے تارکین وطن کارکنوں کو قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے، مختلف کویتی حکام کے ساتھ اپنی پچھلی ملاقاتوں میں افرادی قوت کے شعبے میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا گیا، پاکستان کویت کے ساتھ مختلف شعبوں خاص طور پر صحت، روزگار، انفارمیشن ٹیکنالوجی، خوراک اور تحفظ میں تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں