کویت کا 10 ہزار سے زائد ورک پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ

اتھارٹی نے قانونی طریقہ کار شروع کر دیا ہے اور پرمٹس کی منسوخی عیدالفطر کی چھٹیوں کے بعد شروع ہو جائے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 اپریل 2023 13:20

کویت کا 10 ہزار سے زائد ورک پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 اپریل 2023ء ) کویت نے 10 ہزار سے زائد ورک پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت 10ہزار سے زیادہ ورک پرمٹ منسوخ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ تو ہیں لیکن درست نہیں ہیں، اس سلسلے میں اتھارٹی نے قانونی طریقہ کار شروع کر دیا ہے اور پرمٹس کی منسوخی عیدالفطر کی چھٹیوں کے بعد شروع ہو جائے گی، یہ عمل ورک پرمٹ کے طریقہ کار کے آرٹیکل 35 کی بنیاد پر شروع کیا جائے گا، جو کہتا ہے کہ اگر ورکر 6 ماہ سے زائد عرصے سے بیرون ملک رہا ہے تو اتھارٹی خود کار طریقے سے ورک پرمٹ منسوخ کرسکتی ہے جب تک کہ اسے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ریزیڈنسی سے استثنیٰ حاصل نہ ہو، اسی طرح پرمٹ تب بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے اگر کارکن کے بیرون ملک رہتے ہوئے اس کی میعاد ختم ہو گئی ہو یا اگر انہیں کسی وجہ سے ملک بدر کر دیا گیا ہو۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اتھارٹی اگلے مہینے سے شروع ہونے والی دیگر وجوہات کی بناء پر ورک پرمٹ منسوخ کرنے پر غور کرے گی، وجوہات میں حقیقی ڈیٹا اور دستاویزات فراہم کرنے میں ناکامی کے علاوہ غیر منظور شدہ تعلیمی سرٹیفکیٹ بھی شامل ہیں، سوسائٹی آف انجینئرز اور کویت اکاؤنٹنٹس ایسوسی ایشن جیسی تسلیم شدہ پیشہ ورانہ ایسوسی ایشنز سے موصول ہونے والے ٹیسٹوں کے نتائج کی بنیاد پر ان اجازت ناموں کو منسوخ کرنے کے فیصلے یکے بعد دیگرے جاری کیے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر 2,500 ورک پرمٹ منسوخ ہوں گے جن کا اعلان اسی ماہ کیا جائے گا، مین پاور اتھارٹی کسی ایسے شخص کو کوئی ورک پرمٹ جاری نہیں کرے گی جس نے پہلے ورک پرمٹ تعلیمی سرٹیفکیٹ کی غلطی یا پیشہ ورانہ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکامی کی وجہ سے یا کسی اور قانونی خلاف ورزی سے حاصل کیا ہو، اتھارٹی وزارت داخلہ کے ساتھ رہائشی اجازت نامے کے اجراء کو مربوط کرے گی، جس کسی کا بھی اجازت نامہ منسوخ ہو گا وہ غیر قانونی رہائشی تصور کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں