کویت میں ایک بارپھرشاہی فرمان کے ذریعے پارلیمنٹ تحلیل

پارلیمان کو مارچ میں آئینی عدالت کے فیصلے کی بنیاد پربحال کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 مئی 2023 14:08

کویت میں ایک بارپھرشاہی فرمان کے ذریعے پارلیمنٹ تحلیل
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 مئی 2023ء ) خلیجی ملک کویت میں شاہی فرمان کے ذریعے ایک مرتبہ پھر پارلیمنٹ تحلیل کر دی گئی۔ کویت کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ولی عہد شیخ مشعل نے اسمبلی کی تحلیل کے لیے شاہی فرمان پر دست خط کیے، کابینہ نے یہ حکم نامہ شیخ مشعل کو پیش کیا تھا، کویتی ولی عہد کو 2021ء کے آخرمیں حکمران امیرشیخ نواف الاحمد الصباح کی زیادہ تر ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ کویتی حکومت اور منتخب پارلیمان کے درمیان طویل عرصے سی اختلافات رہے ہیں جس کی وجہ سے وسیع ترمالیاتی اصلاحات متاثر ہوئی ہیں، 2020ء میں منتخب پارلیمان کو گذشتہ سال تحلیل کر دیا گیا تھا تاکہ اس جھگڑے کو ختم کیا جا سکے اور گذشتہ سال ستمبر میں انتخابات ہوئے تھے جس میں حزب اختلاف کو کامیابی حاصل ہوئی لیکن آئینی عدالت نے مارچ میں ان نتائج کو کالعدم قراردے دیا اور پچھلی اسمبلی کو بحال کردیا تھا، امیرکویت کے صاحبزادے وزیراعظم شیخ احمد نواف الصباح نے جنوری میں 2020ء میں منتخب ہونے والی پارلیمان کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے اپنی کابینہ کا استعفیٰ پیش کردیا تھا بعد میں انہیں ہی دوبارہ وزیراعظم نامزد کیا گیا اورانہوں نے نئی کابینہ کااعلان کیا لیکن وزیراعظم اوردوبار تحلیل ہونے والی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے درمیان بھی تعلقات کشیدہ ہی رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ مشعل نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ عوام کی خواہش کے تحت نئے انتخابات کی ضرورت ہے جو ملک کو نظم وضبط اور قانونی ریفرنس کے ایک نئے مرحلے میں لے جانے کے لیے کچھ قانونی اور سیاسی اصلاحات کے ساتھ ہوں، تاہم انہوں نے اصلاحات کے بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا۔ معلوم ہوا ہے کہ کویت میں سیاسی جماعتوں پرتو پابندی عائد ہے لیکن اس نے اپنی مقننہ کو دیگرخلیجی بادشاہتوں میں اسی طرح کے اداروں کے مقابلے میں زیادہ اختیارات اور اثرورسوخ دیا ہے اورسیاسی استحکام روایتی طور پر حکومت اور پارلیمنٹ کے مابین تعاون پر منحصرہے، امریکا کی اتحادی اس خلیجی ریاست کے پاس مضبوط مالی اور بیرونی بیلنس شیٹ ہے لیکن اندرونی لڑائی اور سیاسی تناؤ نے سرمایہ کاری اور اصلاحات کو متاثر کیا ہے، ان اصلاحات کا مقصد تیل کی آمدن پر اس کا بھاری انحصارکم کرنا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں