چیف الیکشن کمشنر نے 6 اگست کو صدارتی انتخاب کرانے کی منظوری دے دی، کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جائیں گے

منگل 16 جولائی 2013 13:59

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جولائی 2013ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم نے 6 اگست کو صدارتی انتخاب کرانے کی منظوری دے دی۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمیشن جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم نے 6 اگست کو صدارتی انتخاب کرانے کا شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق صدارتی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی 24 جولائی کو جمع کرائے جائیں گے، 26 جولائی کو کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی، کوئی بھی امیدوار 29 جولائی کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکے گا جبکہ صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ 6 اگست کو ہو گی اور سرکاری نتائج کا اعلان 7 اگست کو کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار صدر اپنی آئینی مدت پوری کررہا ہے، نئے منتخب ہونے والے صدر موجودہ صدر آصف علی زرداری کی مدت ختم ہونے پر حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ صدرآصف علی زرداری کےعہدے کی مدت 9 ستمبر 2013 کوختم ہورہی ہے، آئین کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر کے عہدے کی مدت ختم ہونے سے 30 روز قبل صدارتی الیکشن کرانا آئینی مجبوری ہے جبکہ قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج کے ذریعے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا، آئین کے تحت صدارتی امیدوار پاکستانی شہری اور مسلمان ہونا ضروری ہے جبکہ اس کی عمر 45 سال سے کم نہیں ہونی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :

میں شائع ہونے والی مزید خبریں