اومان:غیر مُلکیوں کے طبی معائنہ کی فیس میں تین گُنا اضافہ کر دیا گیا

تین گُنا اضافے پر عمل درآمد فروری 2019ء سے کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 22 دسمبر 2018 14:44

اومان:غیر مُلکیوں کے طبی معائنہ کی فیس میں تین گُنا اضافہ کر دیا گیا
مسقط(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 دسمبر2018ء) اومانی وزارت صحت کی جانب سے مملکت میں مقیم تارکین وطن کے لیے طبی معائنے کی فیس میں ہوش رُبا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ تارکین کے لیے میڈیکل ایگزامنیشن کی فیس تین گُنا بڑھا دی گئی ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد تارکین اور اُن کے ساتھ مقیم اہلِ خانہ کو میڈیکل چیک اپ کی خاطر30 اومانی ریال (78 امریکی ڈالر) ادا کرنا ہوں گے ، جبکہ اس سے قبل یہ فیس محض 10اومانی ریال (26 امریکی ڈالر) تھی۔

یہ میڈیکل فیس ویزہ پراسس کے دوران مخصوص بیماریوں کی سکریننگ کے سلسلے میں لازمی طور پر وصول کی جاتی ہے۔ اسی طرح وہ اومانی جو مملکت سے باہر شادی کرتے ہیں، اُن کے لیے بھی میڈیکل فیس میں اضافہ کر دیا گیا ہے، اب ایسے اومانیوں کو میڈیکل چیک اپ فیس کی مد میں 20اومانی ریال (52 ڈالر) ادا کرنے پڑیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ کچھ کمپنیاں اپنے غیر مُلکی ملازمین کی فیس اپنی جانب سے ادا کریں گی جبکہ کچھ کمپنیوں نے اس میڈیکل فیس کا بوجھ تارکین پر ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک اومانی بزنس مین سلیم البداوی کا کہنا تھا کہ اس اضافے کے فیصلے سے چھوٹے کاروبار والوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ ماضی میں تارکین کے لیے میڈیکل فیس صرف 10 اومانی ریال تک محدود رہی ہے جبکہ کافی شاپس، بیوٹی سیلونز اور ہیئر سیلونز پر ملازمت کرنے والے غیر مُلکیوں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے صرف پانچ اومانی ریال کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے۔ اس طرح ان جیسے چھوٹے کاروباروں سے منسلک افراد پر بھاری مالی بوجھ پڑے گا۔ وضح رہے کہ اومانی حکومت نے حال ہی میں ویزہ فیس میں بھاری اضافہ کیا ہے جس کے بعد اس مد میں 201 اومانی ریال کی بجائے 301 ریال ادا کرنا ہوتے ہیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں