اومان: سات سالہ بچی واشنگ مشین میں پھنس گئی

ریسکیو ٹیم نے بڑی مشکل سے بچی کی جان بچائی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 جنوری 2019 15:57

اومان: سات سالہ بچی واشنگ مشین میں پھنس گئی
مسقط(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جنوری 2019ء) الودایت کے علاقے میں ایک بچی گھر کے صحن میں رکھی واشنگ مشین میں پھنس گئی جس کے باعث گھر میں چیخ و پُکار مچ گئی۔ پولیس کے مطابق سات سالہ بچی سلمیٰ گھر میں دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی۔ وہ صحن میں پڑی خراب واشنگ مشین کے اُوپر جا بیٹھی۔ اچانک مشین کا پُرانا کورٹُوٹ گیا جس کے باعث وہ مشین کے ٹب میں پھنس گئی۔

اُسے باہر نکالنے کی بڑی کوشش کی گئی، مگر کامیابی نہ مِلی۔ آخر گھر میں موجود والدین نے پولیس کی ہیلپ لائن کو سارے معاملے سے آگاہ کیا۔ جس نے فوری طور پر ایک ریسکیو ٹیم روانہ کر دی۔ جب بچی آسانی سے باہر نہ نکلی تو آخرکار مشین خصوصی آلات سے کاٹ کر بچی کو باہر نکالا گیا۔ریسکیو ٹیم کے اہلکار کا کہناتھا کہ شُکر تھا کہ مشین خراب تھی۔

(جاری ہے)

اگر مشین چلتے وقت ایسا واقع پیش آتا تو کرنٹ لگنے کے باعث بچی کی جان بھی جا سکتی تھی۔

ریسکیو کے ترجمان نے مملکت میں مقیم والدین کو تاکید کی ہے کہ گھر سے باہر اور گھر سے اندر بچوں پر خصوصی نگاہ رکھا کریں۔ کیونکہ بچوں کو اس بات کا علم نہیں ہوتا کہ کیا چیز اُن کے لیے نقصان دہ ہے اور کیا نہیں۔ خاص طور پر بچوں کو بجلی سے چلنے والے آلات سے دُور رکھیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل امارات میں ایک چار سالہ بچہ واشنگ مشین میں گھُس کر جاں بحق ہو گیا تھا۔ بچہ پانی سے بھری مشین میں داخل ہوا تو حادثاتی طور پر اُس کا دروازہ بند ہو گیا۔جس سے بچے کی پانی میں ڈُوبنے کے باعث موت واقع ہو گئی تھی۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں