اومان کے نئے فرمانروا کی جانب سے انتہائی اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا گیا

سلطان ہیثم بن طارق نے نیا قومی ترانہ بنانے ، قومی پرچم کا ڈیزائن اور قومی نشان بدلنے کا حکم دے دِیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 فروری 2020 14:50

اومان کے نئے فرمانروا کی جانب سے انتہائی اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا گیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2020ء) اومان کے نئے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے سلطنت کا انتظام سنبھالتے ہی چند اہم فیصلے لیے تھے جن کی بناء پر وہ دُنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئے تھے۔ اب کی بار سلطان ہیثم بن طارق نے تین ایسے حکم نامے جاری کیے ہیں، جس نے اومانی عوام کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ سلطان ہیثم نے حکم جاری کیا ہے کہ اومان کا قومی ترانہ بدل دیا جائے۔

موجودہ قومی ترانے میں اومان کے مرحوم سلطان قابوس بن سعید سے متعلق الفاظ شامل تھے، جنہیں سلطان ہیثم نے بدل کر ان کی جگہ اپنا نام شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اومانی فرمانروا نے جو دُوسرا حکم جاری کیا ہے وہ قومی پرچم کے ڈیزائن سے متعلق ہے۔ جسے تبدیل کر دیا جائے گا۔ جبکہ تیسرا حکم اومان کے قومی نشان کی تبدیلی کے بارے میں ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سلطان ہیثم نے گزشتہ ماہ سلطنت کا انتظام سنبھالنے کے بعد ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت انہوں نے اپنے پیشرو سلطان قابوس کی جانب سے اختیار کیے گئے القابات کو منسوخ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سلطان ھیثم بن طارق نے حکم نامے میں کہا تھا کہ وہ سابق حکمرانوں کے ساتھ استعمال ہونے والے تمام القابات منسوخ کر رہے ہیں۔ اس حکم نامے میں انہوں نے تاکید کی ہے کہ آئندہ سے انہیں کوئی ’السلطان المعظم‘ یا ’اعلیٰ حضرت‘ کہہ کر مخاطب نہیں کرے گا۔ مستقبل میں ہونے والی تمام سرکاری خط کتابت اور دیگر اہم سفارتی موقعوں اور بات چیت میں اُن کے لیے صرف ’سلطان اومان‘ کا نام ہی استعمال ہو گا۔

تحریر اور بات چیت میں صرف ’سلطان اومان‘ کا لفظ ہی برتا جائے گا۔سلطان ھیثم بن طارق کی جانب سے تمام وزارء اور مشیران کو جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ ”میرے لیے یہ باعثِ اعزاز بات ہو گی کہ آپ مجھے سرکاری اور نجی نوعیت کی خط و کتاب میں ’مولانا، اعلیٰ حضرت، عزت ماب سلطان معظم کے القاب سے مخاطب نہ کریں، بلکہ صرف ھیثم بن طارق سلطان عمان ہی لکھا اور بولا جائے۔

واضح رہے کہ سلطان اومان کے ہر دلعزیز حکمران سلطان قابوس بن سعید 10 جنوری 2020ء کو طویل علالت کے بعد79 سال کی عمر میں انتقال فرما گئے تھے۔ سلطان قابوس نے 50 سال تک سلطنت عُمان کی باگ ڈور سنبھالے رکھی۔جس پر اومان میں سرکاری طور پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔ ہیثم بن طارق نے آکسفورڈ یونی ورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ عمان کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل اور انڈر سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 13 اکتوبر 1956 کو پیدا ہوئے اور ان کی عمراس وقت 65 سال ہے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں