خلیجی ریاست اومان میں کورونا وائرس نے زور پکڑ لیا

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 افراد میں کورونا کی تشخیص ہو گئی، متاثرہ افراد کی کل تعداد 231 تک جا پہنچی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 اپریل 2020 12:55

خلیجی ریاست اومان میں کورونا وائرس نے زور پکڑ لیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اپریل 2020 ء) خلیجی ریاست اومان میں کورونا وائرس نے حکام کی جانب سے روک تھام کی خاطر کیے گئے اقدامات کو روند کر آگے بڑھنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اومان میں کورونا کے مزید 21 کیسز سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی گنتی 231 تک پہنچ گئی ہے۔ اومانی حکومت نے کورونا کے متاثرین کی گنتی میں اضافہ کے بعد سر جوڑ لیے ہیں اور اس موذی وبا پر قابو پانے کے لیے مزید سخت فیصلے متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزاومان کا صوبہ مطرہ میں مکمل لاک ڈاوٴن کر دیا گیا ہے۔ کیونکہ مطرہ میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پھیلاوٴ کو دوسرے علاقوں میں روکنے کی خاطر یہ فیصلہ لیا گیا ۔ رائل اومانی پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی روک تھام کی خاطر رائل اومان پولیس نے دیگر اداروں کے ساتھ مشاورت کے بعد مْطرہ کو لاک ڈاوٴن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد مْطرہ کو جانے والی تمام ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ جس سے رْووی، ہمریو، وادی الکبیر اور درست کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔ تاہم کھانے پینے کا سامان، ادویات و طبی آلات اور اشیائے ضروریہ کا سامان لے جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ تاہم مطرہ میں عوام اور تارکین وطن کا پیدل یا نجی گاڑیوں پر داخلہ ممنوع ہو گا، اسی طرح مطرہ سے بھی کوئی بھی شخص اور گاڑی باہر نہیں نکلنے دی جائے گی۔

رائل پولیس کے ترجمان میجر محمد الہاشمی نے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس لاک ڈاوٴن کے دوران اپنے گھروں میں ہی رہیں، غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آنے سے اجتناب کریں، البتہ غذائی اشیاء اور ادویات کی خریداری اور کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں