سعودی عرب کے بعد اومان نے بھی سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا اعلان کر دیا

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ رہائی مملکت میں جیلوں میں بند قیدیوں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 9 اپریل 2020 11:39

سعودی عرب کے بعد اومان نے بھی سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا اعلان کر دیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اپریل 2020 ء) سعودی مملکت میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد اب تک ہزاروں قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔ جس کا مقصد معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو کورونا کی وبا سے محفوظ رکھنا ہے۔ سعودی عرب کے بعد اب خلیجی ریاست اومان کی جانب سے بھی سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اومان ٹائمز کے مطابق ریاست کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق السعید نے 599قیدیوں کی رہائی کا فرمان جاری کر دیا ہے ۔

ان قیدیوں میں سے 223 اومانی باشندے ہیں جبکہ 376 کا تعلق پاکستان سمیت دیگر ممالک سے ہے۔ اومان ٹائمز کے مطابق ہر سال رمضان المبارک سے قبل اومانی فرمانروا سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم دیتے ہیں، تاہم اس بار امکان یہی ہے کہ رمضان سے دو ہفتے قبل قیدیوں کی اس رہائی کا تعلق کورونا وائرس کی وبا سے ہے، جس کا مقصد قیدیوں میں وبا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل سعودی حکومت کی جانب سے ڈھائی سو غیر ملکیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ جن میں درجنوں پاکستانی بھی شامل ہیں۔ رہا کیے گئے غیر مُلکی ویزہ اور لیبر قوانین سے متعلق معمولی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے باعث جیلوں میں بند کیے گئے تھے۔ تاہم مملکت نے انسانی ہمدردی کے تحت انہیں رہا کر دیا ہے۔ کیونکہ سعودی حکام کو یہ خدشہ بھی ہے کہ اگر کورونا کی وبا نے سعودی جیلوں کا رُخ کر لیا تو ہزاروں افراد اس کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

جبکہ دو روز قبل سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے جیلوں میں بند ایسے تمام قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے جنہیں قرضوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سزا سُنائی گئی تھی یا ان کے خلاف مقدمات چل رہے تھے، تاہم اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ رہائی عارضی نوعیت کی ہے، جس کا مقصد چھوٹے مقدمات میں بند قیدیوں میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے سے روکنا ہے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ نجی معاملات کے قرض نادہندگی کے باعث سزا بھُگتنے والے قیدیوں کو عارضی طور پر رہا کر دیا جائے۔ جبکہ اسی نوعیت کے زیر سماعت تمام مقدمات میں فیصلوں کو بھی تاحکم ثانی روک دیا جائے۔ فی الحال کسی کو سزا نہ سُنائی جائے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں