اومان میں کورونا متاثرین کی گنتی 813 ہو گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 86 کیسز سامنے آگئے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 15 اپریل 2020 13:37

اومان میں کورونا متاثرین کی گنتی 813 ہو گئی
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 اپریل 2020ء ) خلیجی ریاست اومان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے86 نئے مریض سامنے آ گئے ہیں اومان کے وزیر صحت ڈاکٹر احمد محمد عبید السعیدی کے مطابق مملکت میں مزید 86 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی گنتی 813 تک جا پہنچی ہے۔

جبکہ 125 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ اس موذی مرض کے باعث زندگی کی دوڑ سے باہر ہونے والے افراد کی گنتی 3 ہو گئی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی کہیں زیادہ ہے، تاہم ابھی تک کئی مریضوں کے ٹیسٹ نہیں ہو پائے، جس کی وجہ سے صحیح تعداد سامنے نہیں آ سکی۔

(جاری ہے)

اومان کے وزیر صحت ڈاکٹر احمد محمد عبید السعیدی نے عام لوگوں پر زوردیاہے کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ رہ نما ہدایات پر عمل پیرا رہیں۔

انھوں نے تمام شہریوں اور مکینوں سے کہا تھا کہ وہ اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور غیر ضروری نقل وحرکت سے گریز کریں۔ اومانی حکومت کی جانب سے کورونا کے متاثرین کی گنتی میں اضافہ کے بعد اس موذی وبا پر قابو پانے کے لیے سخت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ اومانی حکومت کی جانب سے سینکڑوں مقامی اور غیر ملکی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے تاکہ جیلوں میں کورونا وائرس کی وبا کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اومان اومانی دارالحکومت مسقط کومکمل طور پر لاک ڈاوٴن کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ضلع مطرہ کو بھی لاک ڈاؤن کیاگیا ہے کیونکہ اس علاقے میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پھیلاوٴ کو دوسرے علاقوں میں روکنے کی خاطر یہ فیصلہ لیا گیا ۔جس کے بعد مْطرہ کو جانے والی تمام ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ جس سے رْووی، ہمریو، وادی الکبیر اور درست کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔

تاہم کھانے پینے کا سامان، ادویات و طبی آلات اور اشیائے ضروریہ کا سامان لے جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ عوام اور تارکین وطن کا پیدل یا نجی گاڑیوں پر داخلہ ممنوع ہو گا، اسی طرح مطرہ سے بھی کوئی بھی شخص اور گاڑی باہر نہیں نکلنے دی جائے گی۔رائل پولیس کے ترجمان میجر محمد الہاشمی نے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس لاک ڈاوٴن کے دوران اپنے گھروں میں ہی رہیں، غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آنے سے اجتناب کریں، البتہ غذائی اشیاء اور ادویات کی خریداری اور کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔ 

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں