اومان میں کورونا مریضوں کی گنتی 1,614 ہو گئی

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 106 افرا د میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 23 اپریل 2020 11:45

اومان میں کورونا مریضوں کی گنتی 1,614 ہو گئی
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اپریل 2020ء ) خلیجی ریاست اومان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 106 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی 1,614 تک جا پہنچی ہے۔نئے مریضوں میں سے 35مقامی باشندے ہیں جبکہ غیر مُلکی مریضوں کی گنتی 71ہے۔ اومان کے وزیر صحت ڈاکٹر احمد محمد عبید السعیدی کے مطابق مملکت میں کورونا کے صحت یاب ہونے والوں کی گنتی238 ہو گئی ہے۔

جبکہ اس موذی مرض کے باعث زندگی کی دوڑ سے باہر ہونے والے افراد کی گنتی 4 ہو گئی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی کہیں زیادہ ہے، تاہم ابھی تک کئی مریضوں کے ٹیسٹ نہیں ہو پائے، جس کی وجہ سے صحیح تعداد سامنے نہیں آ سکی۔ڈاکٹر السعیدی نے عام لوگوں پر زوردیاہے کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ رہ نما ہدایات پر عمل پیرا رہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے تمام شہریوں اور مکینوں سے کہا تھا کہ وہ اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور غیر ضروری نقل وحرکت سے گریز کریں۔ اومانی حکومت کی جانب سے کورونا کے متاثرین کی گنتی میں اضافہ کے بعد اس موذی وبا پر قابو پانے کے لیے سخت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ اومانی حکومت کی جانب سے سینکڑوں مقامی اور غیر ملکی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے تاکہ جیلوں میں کورونا وائرس کی وبا کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے اومان اومانی دارالحکومت مسقط کومکمل طور پر لاک ڈاوٴن کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ضلع مطرہ کو بھی لاک ڈاؤن کیاگیا ہے کیونکہ اس علاقے میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پھیلاوٴ کو دوسرے علاقوں میں روکنے کی خاطر یہ فیصلہ لیا گیا ۔جس کے بعد مْطرہ کو جانے والی تمام ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ جس سے رْووی، ہمریو، وادی الکبیر اور درست کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔

تاہم کھانے پینے کا سامان، ادویات و طبی آلات اور اشیائے ضروریہ کا سامان لے جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ عوام اور تارکین وطن کا پیدل یا نجی گاڑیوں پر داخلہ ممنوع ہو گا، اسی طرح مطرہ سے بھی کوئی بھی شخص اور گاڑی باہر نہیں نکلنے دی جائے گی۔رائل پولیس کے ترجمان میجر محمد الہاشمی نے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس لاک ڈاوٴن کے دوران اپنے گھروں میں ہی رہیں، غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آنے سے اجتناب کریں، البتہ غذائی اشیاء اور ادویات کی خریداری اور کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں