خلیجی ریاست اومان میں مزید 74 افراد کورونا کا شکار بن گئے

مملکت میں کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی1,790تک جا پہنچی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 اپریل 2020 14:48

خلیجی ریاست اومان میں مزید 74 افراد کورونا کا شکار بن گئے
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 اپریل 2020ء ) خلیجی ریاست اومان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید74 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی 1,790 تک جا پہنچی ہے۔نئے مریضوں میں سے35مقامی باشندے ہیں جبکہ غیر مُلکی مریضوں کی گنتی 39ہے۔ اومان کے وزیر صحت ڈاکٹر احمد محمد عبید السعیدی کے مطابق مملکت میں کورونا کے صحت یاب ہونے والوں کی گنتی325 ہو گئی ہے۔

جبکہ اس موذی مرض کے باعث اب تک 9 افراد زندگی کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔کورونا کے ہاتھوں موت کے منہ میں جانے والا اب تک کا آخری مریض ایک 57 سالہ غیر مُلکی تھا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی کہیں زیادہ ہے، تاہم ابھی تک کئی مریضوں کے ٹیسٹ نہیں ہو پائے، جس کی وجہ سے صحیح تعداد سامنے نہیں آ سکی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر السعیدی نے عام لوگوں پر زوردیاہے کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ رہ نما ہدایات پر عمل پیرا رہیں۔

انھوں نے تمام شہریوں اور مکینوں سے کہا تھا کہ وہ اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور غیر ضروری نقل وحرکت سے گریز کریں۔ اومانی حکومت کی جانب سے کورونا کے متاثرین کی گنتی میں اضافہ کے بعد اس موذی وبا پر قابو پانے کے لیے سخت فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ اومانی حکومت کی جانب سے سینکڑوں مقامی اور غیر ملکی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا ہے تاکہ جیلوں میں کورونا وائرس کی وبا کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل اومانی دارالحکومت مسقط کومکمل طور پر لاک ڈاوٴن کر دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ ضلع مطرہ کو بھی لاک ڈاؤن کیاگیا کیونکہ اس علاقے میں کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پھیلاوٴ کو دوسرے علاقوں میں روکنے کی خاطر یہ فیصلہ لیا گیا ۔جس کے بعد مْطرہ کو جانے والی تمام ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔ جس سے رْووی، ہمریو، وادی الکبیر اور درست کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔

تاہم کھانے پینے کا سامان، ادویات و طبی آلات اور اشیائے ضروریہ کا سامان لے جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ عوام اور تارکین وطن کا پیدل یا نجی گاڑیوں پر داخلہ ممنوع ہو گا، اسی طرح مطرہ سے بھی کوئی بھی شخص اور گاڑی باہر نہیں نکلنے دی جائے گی۔رائل پولیس کے ترجمان میجر محمد الہاشمی نے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس لاک ڈاوٴن کے دوران اپنے گھروں میں ہی رہیں، غیر ضروری طور پر سڑکوں پر آنے سے اجتناب کریں، البتہ غذائی اشیاء اور ادویات کی خریداری اور کسی میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں باہر نکلنے کی اجازت ہو گی۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں