اومان کے انڈسٹریل ایریا میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا

الوادی الکبیر کے صنعتی علاقے میں 90 فیصد سے زائد تارکین وطن مقیم ہیں، جن میں پاکستانیوں کی بھی بڑی گنتی شامل ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 5 مئی 2020 12:58

اومان کے انڈسٹریل ایریا میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مئی2020ء ) اومان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی گنتی میں بہت تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے اب تک مملکت میں 2637افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ جبکہ 12 افراد اس موذی مرض کے باعث دم توڑ گئے ہیں۔ اومان میں کورونا وائرس کے زیادہ تر مریض تارکین وطن ہیں، جن میں پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔تارکین میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق اومان کے دارالحکومت مسقط میں حکام نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے صنعتی علاقے میں مکمل لاک ڈاوٴن نافذ کردیا ہے۔ اس صنعتی علاقے میں غیرملکی تارکین وطن مقیم ہیں۔ وزارت صحت اور مسقط کی بلدیہ کے مطابق الوادی الکبیر کے صنعتی علاقے میں لاک ڈاوٴن کا سوموار سے آغاز ہوا ہے اور یہ تاحکم ثانی جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

مسقط شہر میں جاری لاک ڈاوٴن میں پہلے ہی 8 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔

اس کے تحت دارالحکومت کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی رمضان میں اجتماعات پر پابندی عاید ہے۔تاہم رمضان کے آغاز سے قبل عْمانی حکومت نے بعض تجارتی سرگرمیوں کی مشروط طور پر اجازت دے دی تھی۔عْمان کی کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی ذمے دار سپریم کمیٹی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق ان کاروباری سرگرمیوں میں کاروں کی ورکشاپیں، برقی آلات ، کمپیوٹر کی دکانیں، مچھیروں کی کشتیوں کی مرمت اور فاضل پرزہ جات کی دکانیں ،گھریلو آلات اور سیٹلائٹ ٹرانسمیشن کے آلات اور مرمت کی دکانیں اور چھاپا خانے شامل ہیں۔

کرنسی کا کاروبار کرنے والی دکانوں کو بھی دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔کمیٹی کے بیان کے مطابق ایک وقت میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول کے تحت صرف دو گاہکوں کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔ نیز تمام کاروباری سرگرمیوں کے دوران میں صحت وصفائی کے اصولوں کی پیروی کی جانی چاہیے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں