اومان میں کورونا مریضوں کی گنتی 2,903 ہو گئی

گزشتہ روز مزید 168 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 مئی 2020 12:09

اومان میں کورونا مریضوں کی گنتی 2,903 ہو گئی
مسقط(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -7مئی2020ء) خلیجی ریاست اومان میں مزید 168 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد مملکت میں کورونا مریضوں کی گنتی 2,903 تک جا پہنچی ہے۔ اومانی وزارت صحت کے مطابق نئے مریضوں میں 41 اومانی شہری ہیں جبکہ 127 غیر مُلکی ہیں ۔گزشتہ روز کورونا کا ایک اور مریض دم توڑ گیا جس کے بعد مملکت میں کورونا سے مرنے والوں کی گنتی 13 ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ 30کورونا مریض صحت یاب ہو گئے ہیں ، اس طرح اومان میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد888تک جا پہنچی ہے۔ واضح رہے کہ رمضان سے قبل کئی ہفتوں کے لاک ڈاؤن کے بعد اومانی حکومت کی جانب سے تجارتی سرگرمیوں پر عائد پابندیاں نرم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔سلطنت اومان نے منی ایکس چینج اور گاڑیوں کی مرمت کی دکانوں سمیت مختلف تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کس تاریخ سے یہ کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔ حکومتی بیان کے مطابق بیان کے مطابق جن کاروباروں اور کاموں کو دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان کے نام یہ ہیں: کاروں کی ورکشاپیں اور ان کے فاضل پرزہ جات کی دکانیں، مچھیروں کی کشتیوں کی مرمت اور فاضل پرزہ جات کی دکانیں ،برقی آلات اور کمپیوٹر کی دکانیں ،گھریلو آلات اور سیٹلائٹ ٹرانسمیشن کے آلات اور مرمت کی دکانیں۔

اس کے علاوہ کاریں اور آلات کرائے پر دینے کا کاروبار کرنے والی دکانیں ،اسٹیشنری کی دکانیں ،پرنٹنگ کی دکانیں،تیل تبدیلی اور کار ٹائر شاپس اور منی ایکس چینج وغیرہ شامل ہیں۔اومان نیوز ایجنسی نے اپنے ٹویٹراکاوٴنٹ پر کرونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی ذمے دار ملک کی سپریم کمیٹی کا ایک بیان جاری کیا ہے۔اس میں اس نے مختلف کاروباروں کی ایک فہرست جاری کی ہے،جنھیں قواعد وضوابط کے تحت دوبارہ کام کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

بیان کے مطابق ایک وقت میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے اصول کے تحت صرف دو گاہکوں کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ نیز تمام کاروباری سرگرمیوں کے دوران میں صحت وصفائی کے اصولوں کی پیروی کی جانی چاہیے۔اومان میں کاروباروں کو ایسے وقت میں جزوی طور پر دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جب کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں