کورونا کی وبا نے عمان کی معیشت کا مزید نقصان کر ڈالا

عمانی حکام نے معاشی امداد کے لیے خلیجی ممالک سے مدد مانگ لی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 12 جون 2020 13:47

کورونا کی وبا نے عمان کی معیشت کا مزید نقصان کر ڈالا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12جون 2020ء) اومان کی معیشت کورونا کی وبا اور سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے پہلے بھی دیگر خلیجی ممالک کے مقابلے میں بہتر نہیں تھی۔تاہم موجودہ وبا اور تیل کی قیمتوں میں بے پناہ گراوٹ نے عمانی معیشت کو بہت زیادہ نقصان سے دو چار کر دیا ہے۔ جس کے بعد عمانی حکام کی جانب سے مالی امدا د حاصل کرنے کی خاطر خلیجی ممالک سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

گلف نیوز کے مطابق عمان کی جانب سے وبا اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پیدا ہونے والے بُرے حالات کے پیش نظر خلیجی ممالک سے مدد کی خاطر رابطے جاری ہیں۔ یہ دعویٰ امریکی حکومت کے ایک عہدے دار کی جانب سے کیا گیا ہے۔ عہدے دار کے مطابق ابھی تک اس حوالے سے بات چیت ابتدائی مرحلے پر ہے، جس میں کسی فیصلے پر نہیں پہنچا گیا۔

(جاری ہے)

اور نہ ہی یہ طے کیا گیا ہے کہ یہ امداد کس نوعیت کی ہو گی۔

اس معاملے کی حساسیت کے پیش نظر زیادہ تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ بس اتنا بتایا گیا ہے کہ اومانی کی جانب سے امداد کے حصول کے لیے خلیجی ریاستوں کے فرمانرواؤں سے رابطہ کیا گیا ہے اور وزرائے خارجہ کی سطح پر بھی بات چیت جاری ہے۔ اومانی وزارت خارجہ کے ایک عہدے دار کا بھی کہنا ہے کہ کورونا وبا اور تیل کی قیمتوں کی گراوٹ کے باعث اومان کے قومی پروگرام پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے خلیجی حکام سے بات چیت ہو رہی ہے۔

خلیج تعاون کونسل کے چھے ممالک میں سے ایک ریاست عمان کی معاشی حالت کورونا وبا سے پہلے بھی کچھ مشکلات کا شکار تھی۔ جنوری 2020ء میں ریاست کا انتظام سنبھالنے والے سلطان ہیثم بن طارق السعید کے لیے عمانی معیشت کو سہارا بنانا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ مملکت پر واجب الادا قرضوں کی رقم میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔گزشتہ کچھ ماہ کے دوران تیل سمیت دیگر معاشی شعبوں کو بھی بڑے خسارے کا سامنا ہے۔

اومان کے سابقہ حکمران سلطان قابوس مرحوم کے دور میں ایران کے ساتھ بھی تعلقات کشیدگی کا شکار رہے۔عمانی خبر رسای ایجنسی کے مطابق عمان کے سلطان ہیثم نے گزشتہ ماہ کویت اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق اومانی حکومت نے رواں سال کے دوران مقامی اور بین الاقوامی بینکوں سے ایک ارب ڈالر بطور قرضہ حاصل کرنے کے لیے مذاکرات کیے ہیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں