پاکستان سے 28 ڈاکٹرز عمان پہنچ گئے

یہ پاکستانی ڈاکٹرزتعطیلات منانے پاکستان گئے تھے، فضائی پابندیوں کی وجہ سے ان کی عمان واپسی میں تاخیرہو گئی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 جون 2020 15:03

پاکستان سے 28 ڈاکٹرز عمان پہنچ گئے
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 1جون 2020ء) پاکستان سے 28 ڈاکٹرز عمان پہنچ گئے ہیں۔ عمانی میڈیا کے مطابق یہ پاکستانی ڈاکٹرز کافی عرصہ سے عمان میں مقیم تھے ، جوتعطیلات منانے اور دیگر ضروری کاموں سے اپنے وطن لوٹ گئے تھے۔ فضائی پابندیاں عائدہونے کے باعث ان کی جلد عمان واپسی ممکن نہ ہو سکی تھی، تاہم اب یہ اپنی ڈیوٹی سنبھالنے کے لیے دوبارہ مسقط پہنچ گئے ہیں۔

عمان میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک پیغام میں بتایاگیا ہے کہ پاکستان سے 28 ڈاکٹرزاپنے فیملی ممبرز سمیت واپس عمان پہنچ گئے ہیں۔ جو جلد دوبارہ اپنی طبی خدمات کا آغاز کر دیں گے۔ پاکستانی سفیر نے ان پاکستانی ڈاکٹرز کی عمان واپسی ممکن بنانے کے لیے عمانی حکام، اسلام آباد میں موجود اومانی سفیر، اومانی محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل، پی آئی اے کے چیئرمین اور اپنے ماتحت اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا ہے جن کی وجہ سے اومانی ویزہ رکھنے والے پاکستانی ڈاکٹرز کی اومان کو واپسی ممکن ہو سکی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عمانی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عمان میں مقیم افراد کورونا کے علاج کے اشتہاروں پر توجہ نہ دیں کیونکہ بہت سے جعلساز اور فراڈیئے کورونا کے علاج کے نام پر لوگوں کی لُوٹ مار کر رہے ہیں۔ رائل عمان پولیس (آر او پی) نے اپنے پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوویڈ 19کے علاج معالجے کی فراہمی کا دعویٰ کرنے والے اشتہارات پر ہرگز دھیان نہ دیں ۔

یہ بات رائل عمان پولیس نے اپنے ایک آن لائن جاری بیان میں کہی۔آر او پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل انکوائریز اینڈ انویسٹی گیشن نے مختلف ذرائع ابلاغ اور اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایسے اشتہارات جو کورونا وائرس کے علاج سے متعلق ہیں عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان پر یقین نہ کریں۔کیونکہ مختلف طریقوں سے کورونا وائرس کے علاج کا دعویٰ کرنے والے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، لہٰذا شہری ایسے جعل سازوں اور دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور احتیاط سے کام لیتے ہوئے ان اشتہارات پر کوئی دھیان نہ دیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں